دلیپ کمار اورراج کپورکے مکانات کا قبضہ حکومت کو مل گیا

حکومت پاکستان نے دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو تحویل میں لے کر یہاں میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے


ویب ڈیسک June 02, 2021
دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو اپنی اصلی حالت میں بحال کیا جائے گا فوٹوفائل

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے پشاور میں موجود مکانات کا قبضہ خیبرپختونخوا حکومت کو مل گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا عبدالصمد خان کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پشاور نے انھیں بتایا کہ اب یہ پراپرٹی محکمہ آثار قدیمہ کے حوالے کی جا رہی ہے۔

اس کا قبضہ حاصل کرکے سیل کردیا گیا ہے اور اب ان مکانات کو اپنی اصلی حالت میں بحال کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اب اس پر کام شروع کیا جائے گا، اور پہلے قدم پراس کی بحالی کا تخمینہ لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو سرکاری تحویل میں لے کر یہاں میوزیم قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سلسلے میں یہ مکانات جن کی تحویل میں تھے ان سے خریدے گئے ہیں اور سرکاری طور پر راج کپور کے مکان کی قیمت ایک کروڑ پچپن لاکھ اور دلیپ کمار کے مکان کی قیمت اٹھاسی لاکھ روپے ادا کی گئی ہے۔

دلیپ کمار کا مکان کہاں ہے؟

حکومت نے کپور حویلی اور دلیپ کمار کے مکان خرینے اور یہاں میوزیم قائم کرنے میں میں دلچسپی ظاہر کی تو اس کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے تھے لیکن اُس وقت یہ مکان مقامی افراد کی ملکیت تھے۔ دلیپ کمار کا مکان قصہ خوانی بازار میں محلہ خداداد میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ چار مرلے بتایا گیا ہے۔ اس میں تعمیر والا حصہ 1077 مربع فٹ سے کچھ زیادہ ہے۔ دلیپ کمار نے اپنے پاکستان کے دورے کے دوران پشاور کی ہندکو زبان میں لوگوں سے بات چیت کی اور اپنے بچپن کی یادوں کا ذکر کیا تھا۔ انھوں نے قلعہ بالا حصار اور خیبر ضلع میں لنڈی کوتل کا دورہ بھی کیا تھا۔ انھوں نے اس دورے کے دوران پشاور کے چپلی کباب اور پلاؤ کا خاص طور پر ذکر کیا تھا۔

کپور حویلی

پشاور کے تاریخی بازار قصہ خوانی میں ڈھکی منورشاہ کے مقام پر ایک بڑی حویلی اب تک تاریخی ورثے کی ایک نشانی ہے۔ اس حویلی کی اپنی اہمیت ہے لیکن کپور خاندان کی وجہ سے اس حویلی کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔

راج کپور کے والد پرتھوی راج (جنھوں نے 'مغلِ اعظم' میں اکبر کا کردار ادا کیا تھا) اپنے آپ کو پہلا ہندو پٹھان کہتے تھے۔ وہ بالی ووڈ میں اداکاروں کے پہلے خاندان سے تھے جو اب چار نسلوں پر محیط ہے۔ اکثر وہ انڈیا میں پشاور کی ہندکو زبان بھی بڑے فخر سے بولا کرتے تھے۔

ڈھکی منور شاہ میں قائم کپور حویلی عظیم شو مین راج کپور کے دادا بششر ناتھ کپور نے 1922 میں تعمیر کرائی تھی۔ کپور حویلی اب انتہائی خستہ حال میں ہے حالانکہ اپنے دور میں یہ ایک شاندار عمارت تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |