حکومت غلط اعداد و شمار دے کر عوام کو دھوکے پر دھوکا دے رہی ہے شہبازشریف

مافیاز کے پیٹ بھرنے والی حکومت نے 5 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے دھکیل دئیے، شہبازشریف


ویب ڈیسک June 02, 2021
عوام کی بدترین غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا کلنک عمران خان نیازی کے ماتھے پر لگ چکا ہے، شہبازشریف۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ حکومت غلط اعداد و شمار دے کر عوام کو دھوکے پر دھوکا دے رہی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں مئی کے مہینے میں مہنگائی 17 فیصد اور اپریل میں 21 فیصد کی بلند ترین سطح پر رہی، یہ ہے عوامی حقیقت، اتنی زبردست مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، بھوک اور افلاس نے غریبوں کے گھروں میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، آٹا، دالیں، سبزی، گوشت، خوردنی تیل، بجلی گیس سمیت تمام اشیائے ضروریہ بلند ترین سطح پر ہیں۔

اس مہنگائی سے عام لوگ، مڈل کلاس پس کر رہ گئی ہے، دودھ، چینی اور آٹا ہر مزدور کی روز کی ضرورت ہے جن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، آمدن میں کمی نے عوام کی دو وقت کی روٹی ناممکن بنا دی، ان کا جینا دوبھر ہوچکا ہے، ایک سال میں غریب عوام کے بجلی کے بلوں میں 60 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، تمام صارفین کے بجلی کے بلوں میں ایک سال میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔

حکومت کی پالیسیوں اور نااہلی کے سبب مہنگائی کا سونامی معاشرے کو بے رحمی سے نگل رہا ہے، مافیاز کے پیٹ بھرنے والی حکومت نے 5 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے دھکیل دئیے، عوام کی بدترین غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا کلنک عمران خان نیازی کے ماتھے پر لگ چکا ہے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت غلط اعداد و شمار دے کر عوام کو دھوکے پر دھوکا دے رہی ہے، عوام سے جھوٹ بولا جا رہا ہے، غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام بدحال ہیں، اور کوئی بھی حکومتی اعداد و شمار پر یقین کرنے کو تیار نہیں، عوام نے اس طرح کی مہنگائی کبھی نہیں دیکھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں