پہلی پاکستانی ویمن بیڈمین کھلاڑی اولمپکس میں ملک کی نمائندگی کریں گی

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گی، ماہ حور شہزاد


Sports Reporter June 02, 2021
ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گی، ماہ حور شہزاد

ٹوکیو اولمکپس میں شرکت کاحق حاصل کرنے والی قومی ویمن بیڈمنٹن چیمپئین ماہ حور شہزاد نے اسے خواب کی تعبیر قراردیتے ہوئے بلند عزائم کا اظہار کر دیا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی تجویز پرعالمی بیڈمنٹن فیڈریشن اور اولمپک گیمز کے متعلقہ کمیشن نے انٹرنیشنل مقابلوں میں شاندار پرفارمنس کی بنیاد پرماہ حور کوٹوکیو اولمپکس میں شرکت کا موقعہ فراہم کیا ہے۔ اولمپک کی تاریخ میں پہلا موقعہ ہوگا کہ بیڈمنٹن کے کھیل میں خاتون کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

2017 سے مسلسل قومی ویمن چیمپئین ماہ حور شہزاد نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اولمپکس میں شرکت کرنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، اپنی عالمی رینکنگ کوبہتر بنانے کے لیے ذاتی طور پرمسلسل محنت کرتے ہوئےاپنا حوصلہ بلند رکھا، والد سابق بیڈمنٹن کھلاڑی محمد شہزاد کی خصوصی توجہ اور ٹریننگ سے انٹرنیشنل مقابلوں میں بہتر پرفارمنس پیش کی اور اب والدین کی دعاوں اور چاہنے والوں کی نیک خواہشات کی بدولت سرخرو ہونے میں کامیاب ہو گئی ہوں۔

قومی نمبرون ماہ حورنے اپنے عزائم ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ میں نےاولمپکس میں شرکت کی تصدیق کے بعد کوچ عمران کی زیرنگرانی خصوصی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے اور ٹوکیو اولمپکس میں بہتر نتائج پیش کرکے پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کروں گی، قوم میری کامیابی کے لیے دعا کرے۔

ماہ حور شہزاد نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس میں میری شرکت یقینی بنانے میں پی او اے کے صدر سیدعارف حسن اور پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری واجد علی نےاہم کردار ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔