آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے موبائل فون نے ڈاکو پکڑوا دیا

نارتھ کراچی انڈا موڑکے قریب ڈاکوؤں نے ے آن لائن ٹیکسی میں سوارخاندان کو لوٹا اورڈرائیورکا موبائل فون بھی چھین لیا۔


Staff Reporter June 03, 2021
سرسید پولیس نے موبائل فون کی لوکیشن سے ڈاکوؤں کا پیچھاکیا، ڈاکو عزیز آباد میں دوسری واردات کے لیے کھڑے تھے۔ فوٹو: فائل

نارتھ کراچی انڈا موڑ سے آن لائن ٹیکسی میں سوار فیملی اورڈرائیورکو لوٹ کرفرار ہونے والا ڈکیت پولیس نے گرفتارکرلیا جبکہ اس کے 3ساتھی فرار ہوگئے۔

سرسید تھانے کی حدود نارتھ کراچی انڈا موڑکے قریب 3 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے آن لائن ٹیکسی میں سوارخاندان سے موبائل فونز،50 ہزارروپے اورسامان لوٹ لیا جبکہ ڈاکو فرارہوتے ہوئے آن لائن ٹیکسی کے ڈرائیور سے بھی موبائل فون لے اڑے۔

واردات کی اطلاع ملتے ہی سرسید پولیس موقع پر پہنچ گئی اورسرسید پولیس نے فوری طور پر واردات کی اطلاع اورملزمان سے متعلق پولیس کنٹرول پر آگاہ کردیا ، سرسید پولیس نے چھینے گئے موبائل فون کی لوکیشن سے ڈاکوؤں کا پیچھا شروع کردیا۔

ڈاکونارتھ کراچی تھانے کی حدود میں واردات کرنے کے بعد جوہر آباد تھانے کی حدود میں پہنچے اور اس کے بعد ملزمان گھومتے ہوئے عزیز آباد بلاک 2 گڈ لک بیکری کے قریب پہنچ گئے اور شہریوں سے لوٹ مار کرنے کی نیت سے کھڑے تھے کہ عزیز آباد پولیس چھینے ہوئے موبائل فون کی لوکیشن کی مدد سے موقع پر پہنچ گئی جنھیں دیکھ کرڈاکو اپنی موٹر سائیکل اوراسلحہ پھینک کر ایک عمارت میں داخل ہوگئے،پولیس نے عمارتوں کو چاروں اطراف سے گھیر لیا اور عمارت میں تلاشی لینا شروع کردی۔

پولیس نے ایک ڈکیت کوعمارت کی چھت سے گرفتارکرلیا جبکہ اس کے تین ساتھی پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگئے،عزیز آباد پولیس نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت کی شناخت اشرف کے نام سے ہوئی ہے انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار اور فرار ہونے والے ڈکیت کی 3 موٹر سائیکلیں،اسلحہ اور چھینے ہوئے4 موبائل فونزبرآمد کرلیے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ڈکیت سے برآمد ہونے والا ایک موبائل فون اور موٹرسائیکل سمن آباد تھانے کی حدود سے حال ہی میں چھینی گئی تھی ،عزیز آباد پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈکیت کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں