تیسرا ٹیسٹ پاکستان نے سری لنکا کیخلاف پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 291 رنز بنا لئے

خرم منظور 52، احمد شہزاد 147، اظہر علی 8، یونس خان 17 اور اسد شفیق 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے

اوپننگ بیٹسمین احمد شہزار نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ ۔ فوٹو؛ اے ایف پی

پاکستان نے سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنا لئے، گرین شرٹس کو برتری ختم کرنے کیلئے مزید 137 رنز درکار ہیں۔

شارجہ کے انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 19 رنز بغیر کسی کھلاڑی آؤٹ کے شروع کیا تو خرم منظور 14 اور احمد شہزاد 5 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، خرم منظور 52 رنز بنا کر شامندا ایرنگا کا شکار بنے جبکہ احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی واحد سنچری مکمل کی، وہ 147 رنز بنا کر ہیراتھ کا شکار بنے، احمد شہزاد کے علاوہ کوئی بیٹسمین نمایاں بیٹنگ نہ کرسکا، اظہر علی 8، یونس خان 17 ،اسد شفیق 18 اور سرفراز احمد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔


تیسرے روز کھیل کے اختتام پر کپتان مصباح الحق 36 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، سری لنکا کی جانب سے اسپن بالر ہیراتھ نے 3، شامندا ایرنگا نے 2 اور پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز 428 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی، سری لنکا کی جانب سے دل روان پریرا نے 95 اور کپتان اینجلو میتھیوز نے 91 رنز اسکور کئے جبکہ پاکستان کی جانب سے جنید خان اور محمد طلحہ نے 3،3 اور سعید اجمل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story