سندھ میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازم کی تنخواہ روکنے کا حکم

بنیادی صحت مراکزمیں یومیہ 30 ہزار،موبائل ویکسینیشن ٹیم کو 60 ہزار جبکہ 90 نجی اسپتالوں کو روزانہ 10000 ڈوز لگانے کاہدف


ویب ڈیسک June 03, 2021
ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازم کی تنخواہ جولائی سے بند کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی محکمہ خزانہ کو ہدایت فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ جو سرکاری ملازم کورونا کی ویکسین نہ لگائے اس کی تنخواہ روک لی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ک سربراہی میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ جس میں صوبے میں کورونا کی صورت حال اور دیگر امور تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی کی اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ 27 مئی سے 2 جون تک باہر سے آنے والے 26812 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 55 کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، 29 مئی کو 4 مسافروں میں کورونا کی انڈین قسم کی تشخیص ہوئی، چاروں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، یہ مریض جن 14 لوگوں سے رابطے میں آئے ان کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ گزشتہ 30 روز میں سندھ میں 392 اموات ہوئی ہیں، 392 اموات میں سے 238 وینٹی لیٹرز پر تھے، 73 افراد کا ان کے گھروں میں انتقال ہوا، اس وقت 77 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جن میں سے 74 کراچی میں ہیں۔ 27 مئی سے 2 جون تک کراچی شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز اور 20 اموات ہوئیں، کراچی وسطی میں 12 فیصد کیسز اور 15 اموات ہوئیں، کراچی جنوبی میں 9 فیصد، کراچی غربی میں 8 فیصد اور 7 اموات ہوئیں، 27 مئی سے 2 جون تک کراچی شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز اور 20 اموات ہوئیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 2 جون کو 57541 کو ویکسین لگائی گئیں، ابھی تک سندھ میں کوویڈ ویکسین کے 15 لاکھ 50 ہزار 553 ڈوز لگائی جاچکی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہیں لگوائے گا اس کی جولائی سے تنخواہ بند کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ شناختی کارڈ لے کر ویکسینیشن سینٹرز پر ویکسین لگوائیں، وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر کے 300 بنیادی صحت مراکز کو ویکسینیشن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت دے دی، بنیادی صحت مراکز میں روزانہ 30000 ڈوز، موبائل ویکسینیشن ٹیم کو یومیہ 60000 جب کہ 90 نجی اسپتالوں کو روزانہ 10000 ڈوز لگانے کا ٹارگٹ دے دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں