پیپلزپارٹی کے فیصلوں سے جمہوریت کونقصان پہنچا مولانا فضل الرحمان

جو پارٹی بھی حکومت کے لئے آسانیاں پیدا کررہی عوام انہیں دیکھ رہے ہیں، سربراہ پی ڈی ایم


ویب ڈیسک June 03, 2021
اجتماعی استعفے نہ دئیے گئے تو حکومت اپنی مدت پوری کرتی جائے گی، سربراہ پی ڈی ایم۔ فوٹو:فائل

سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کچھ ایسے فیصلے کیے جس سے جمہوریت کونقصان پہنچا۔

ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک میں اپنے مقاصد کیلئے نئے قوانین متعارف کرائے جارہے ہیں، عام آدمی سے حقوق چھیننے جارہے ہیں، ادارے ایسے کام کر رہے ہیں جو کسی قسم کے قانون کے پابند نہیں ہیں، پی ڈی ایم کوتوڑنے میں بھی ان لوگوں کا کردار ہے، جب کہ پارٹیوں کو بھی توڑا جارہا ہے، صحافی تو کیا منسٹروں کو مارا جاتا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم قوم کی آواز بن گئی تھی، لیکن پیپلزپارٹی حکومت کی آلہ کار بنی، پی ڈی ایم حکومت کے خلاف متحد تھی اس میں رخنہ ڈال کر کس کو فائدہ ہوا، پیپلزپارٹی نے کچھ ایسے فیصلے کیے جس سے جمہوریت کونقصان پہنچا، پی ڈی ایم چھوڑنے والوں کے لئے راستے بند نہیں کئے، پیپلزپارٹی واپس آناچاہتی ہےتو راستے کھلےہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اگر اجتماعی طور پراستعفے نہیں دیئے تو حکومت اپی مدت پوری کرتی جائے گی، استعفوں کےآپشن کو قبول نہ کرنا حکومت کی مدد کرنے کے مترادف ہے، جو پارٹی بھی حکومت کے لئے آسانیاں پیدا کررہی عوام انہیں دیکھ رہے ہیں، ہم حکومت کو اس مقام پر لانا چاہتے ہیں تاریخ کے اوراق میں کراس کا نشان ہو، 4جولائی کو سوات میں تاریخی جلسہ کریں گے، ہرپارٹی نے اپنا انتخابی مفاد دیکھناہوتاہے، پی ڈی ایم انتخابی اتحاد تو نہیں لیکن کوئی چیز امکان سے باہر بھی نہیں ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔