کورونا کیسز میں کمی کے بعد لاہور میں ثقافتی تقریبات کا آغاز

آرٹس کونسل الحمراء میں پاکستان اور چین کی دوستی کو 70سال مکمل ہونے پر شاندار نمائش کا انعقاد


Mian Asghar Saleemi June 03, 2021
آرٹس کونسل الحمراء میں پاکستان اور چین کی دوستی کو 70سال مکمل ہونے پر شاندار نمائش کا انعقاد

کورونا کیسز میں واضح کمی کے بعد لاہور میں ایک بار پھر ثقافتی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں پاکستان اور چین کی دوستی کو 70سال مکمل ہونے کے موقع پر شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے چینی قونصلیٹ کے ڈائریکٹر ڈو یوکے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔ الحمراء کے آرٹسٹوں نے پاک چین نغموں کی دھنیں بجائی، کامیاب دوستی کے 70سالہ سفر کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔

صوبائی وزیر ثقافت خیال احمد کاسترو نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی آزمودہ، باہمی تعاون میں مثالی ہے، حکومت کے اس اقدام سے دنیا میں مثبت پیغام گیا۔ سی پیک معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ہوگا، نمائش سے نوجوان نسل کو دوطرفہ جذبات سے آگہی ملے گی۔

ڈائریکٹر چینی قونصلیٹ ڈویو نے الحمراء کی اس کاوش کو خوبصورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے احسن جذبات پر فخر ہے، مستقبل میں بھی دوستی کا یہ رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا دیکھتے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء و ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات فرحت جبیں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ نوجوان آرٹسٹوں کا اپنے فن کے ذریعے پاک چین دوستی کے رشتے کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا، دونوں ممالک کے کلچر کے تبادلہ کو تسلسل سے جاری رکھا، الحمراء نے ہمیشہ چینی ثقافتی طائفے کی شاندار میزبانی کی۔

فرحت جبیں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی عوام دوطرفہ ثقافتی اقدار کو بے پناہ پسند کرتے ہیں،جن کا فروغ جاری رہے گا۔ ڈائریکٹر ذوالفقار علی زلفی نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان آرٹسٹوں نے والہانہ انداز میں آرٹ کے ذریعے اپنی محبت و جذبات سے اس دوستی کو مزید مضبوط کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔