ایشیا کپ میں شرکت کیلئے بنگلادیش ٹیم بھیجنے کا فیصلہ سیکیورٹی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا ذکا اشرف

چیف سلیکٹر اور کوچز کے حوالے سے جلد کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا، ذکا اشرف

2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں سابق کرکٹرز کو مدعو کرکے مشاورت کی جائے گی، ذکا اشرف فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی رپورٹ کے بعد ہی کیا جائے گا۔


گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے اجلاس میں کوئی اہم فیصلہ نہیں کیا گیا کیونکہ بورڈ کے دیگر اراکین نجی مصروفیات کے باعث شریک نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر اور کوچز کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم بورڈ اس سے متعلق جلد کسی فیصلے پر پہنچے گا جبکہ میڈیا رائٹس کا فیصلہ بھی قواعد کے مطابق کریں گے۔

ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ بنگلادیش جانے کا فیصلہ سیکیورٹی رپورٹ پر منحصر ہے اور ایشیا کپ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس میں سابق کرکٹرز کو مدعو کرکے مشاورت کی جائے گی۔
Load Next Story