خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

تقریب میں شرکت
کریم دین، شیخوپورہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی فنکشن میں جانے کے لئے تیار ہو رہا ہوں اور ساری فیملی میرا انتظار کر رہی ہے۔ میں تیزی سے تیار ہو کر باہر کی جانب جاتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میرا جوتا بہت زیادہ تنگ ہے اور مجھے کاٹ رہا ہے جس کی وجہ سے مجھ سے چلنا پھرنا مشکل لگ رہا ہے۔ مگر میں نظر انداز کر کے گاڑی میں بیٹھ جاتا ہوں۔ شادی ہال پہنچ کے مجھ سے دو قدم بھی نہیں چلا جاتا اور میں وہیں پارکنگ سے واپس گھر چل پڑتا ہوں کہ بدل کے آؤں گا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل پیش آ سکتی ہے۔گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ گھریلو سطح پہ تعلقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ کاروبار میں بھی مشکل پیش آ سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ آپ یاحی یا قیوم کا زیادہ سے زیادہ ورد کیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں ۔

مولانا کی گفتگو
فواد خان، میانوالی

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر جانے کے لئے بس میں سوار ہوتا ہوں ۔ میرے ساتھ سفر میں کوئی مولانا صاحب ہوتے ہیں جو کہ بہت اچھی گفتگو کر رہے ہوتے ہیں۔ میں اور میرے آس پاس کے مسافر ان کی گفتگو بہت غور اور دلچسپی سے سن رہے ہوتے ہیں۔ بس سے اتر کر میں خوشی محسوس کرتا ہوں کہ کتنی اچھی گفتگو رہی۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ممکن ہو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔

اپنی شادی
ثمرین احمد ، اسلام آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میری شادی ہو رہی ہے۔ سارے گھر میں خوب رونق لگی ہے اور سارے رشتے دار جمع ہیں۔ میرے ابو مولوی صاحب کے ساتھ نکاح کیلئے اندر آتے ہیں ۔ میں خود کو بہت خوش محسوس کر رہی ہوتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر: اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں ۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں۔

کشتی میں بیٹھنا
نوشین احمر، فیصل آباد


خواب : میں نے دیکھا کہ میں کہیں جا رہی ہوں، نہر کے کنارے دیکھتی ہوں کہ نہر میں گندا پانی ہوتا ھے۔ یعنی مٹی نما پانی گدلا سا۔ میری کزن مجھے کہتی ہے کہ آو اس میں کشتی چلائیں تو میں حیران ہو کر پوچھتی ہوں کہ بھلا اس میں کوئی کیسے کشتی چلا سکتا ھے ، مگر وہ مانتی نہیں۔کشتی میں بیٹھنے کے بعد میں بہت خوفزدہ ہوتی ہوں اور گھبراہٹ کے مارے سانس روک کے بیٹھی رہتی ہوں۔

تعبیر: خواب مختلف عادات کی طرف بھی اشارہ کرتے ہیں تا کہ آپ خود میں تبدیلی لے کر آئیں ۔ یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کا دماغ بہت زیادہ دنیا داری میں لگا ہوا ہے۔ اور زیادہ تر وقت پیسوں اور دنیا کے متعلق سوچتے ہوئے گزرتا ہے۔ بہتر ہے کہ اس دنیا داری کو ذہن سے نکال کر اللہ کی طرف دھیان لگائیں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ رات کو سونے سے پہلے سیرت النبی کا مطالعہ کیا کریں جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

جیب سے پیسے غائب
محمد علی، سیالکوٹ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ سودا سلف لینے گھر سے نکلا ہوں اور جب ادائیگی کی باری آتی ہے تو میری جیب سے پیسے نکلتے ہی نہیں۔ شائد کہیں راستے میں گر گئے ہوں، یہ سوچ کر میں واپس جاتا ہوں مگر مجھے پیسے کہیں نہیں ملتے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی، غم یا خوف مسلط ہو سکتا ہے۔کاروبار میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔ رزق میں بھی اس کی وجہ سے کمی ہو سکتی ہے۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

کتے کا حملہ
محمد خان، ڈیرہ اسماعیل خان

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں بازار میں پھر رہا ہوں اور کہیں سے ایک کتا دوڑتا ہوا آتا ہے اور میری طرف لپکتا ہے۔ میں تیزی سے بچنے کی کوشش کرتا ہوں مگر وہ بہت تیزی سے میری طرف بڑھتا ہے اور میری ٹانگ پہ کاٹ لیتا ہے۔ میں چھڑانے کی کوشش کرتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

چادر خریدنا
احمد بھٹی، لاہور

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے والدین کے ساتھ کہیں بازار جا رہا ہوں ، میرے والدین کو کوئی جاننے والے اسی بازار میں ملتے ہیں تو وہ ان سے بات چیت کرنے لگ جاتے ہیں۔ میں بور ہو کر آگے مارکیٹ میں گھومنے لگ جاتا ہوں۔ اسی دوران میری نظر ایک خوبصورت چادر پر پڑتی ہے تو میں رک کر اسے دیکھنے لگتا ہوں۔ اس کے رنگین ڈیزائن مجھے اتنے پسند آتے ہیں کہ میں باقاعدہ طور پر ان کو پکڑ پکڑ کر دیکھتا ہوں۔ پھر میں اسے خرید کر اپنے بیگ میں رکھ لیتا ہوں، اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ کیا ہوا۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو ایک نیک شریک حیات ملے گی۔ جس سے آپ کو بھی ہدایت ملے گی ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی، مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کوشش کریں کہ اللہ کی راہ میں کچھ خیرات کر دیں۔

باغ کی سیر
ابیحہ شبیر، چنیوٹ

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور باقی فیملی کے لوگ کسی باغ میں سیر کرنے آئے ہیں۔ باقی گھر والے تو ایک جگہ پر بیٹھ کر باتیں کرنے لگ جاتے ہیں مگر میرے میاں مجھے اشارہ کرتے ہیں تو ہم اٹھ کر گھومنے چل پڑتے ہیں۔ آگے ہی کسی قطعہ پر بہت ہی خوبصورت پھول لگے ہوتے ہیں اور گلابوں کی کیاریاں بنی ہوتی ہیں ۔ میں وہاں رک جاتی ہوں اور اپنے میاں کو بھی وہ پھول دکھاتی ہوں۔

تعبیر: یہ خواب اچھا ہے، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی نیک اور صالح فرزند کو ظاہر کرتا ہے جو آپ کے لئے توقیر اور عزت کا باعث ہو گا ۔ آپ کے خاندان کے نام کو وقار و عزت دے گا ۔ آپ کے رزق میں بھی اضافہ ہو گا اور آپ کے مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام و سکون ہو گا ، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

بال کٹوانا
محمد ارشد، لیہ

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ دن کے لئے چھٹیاں گزارنے اپنے گاؤں آتا ہوں اور ایک دن گاؤں کا حجام ہمارے گھر آتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ میری حجامت بنانے آیا ہے۔ وہ مجھے اپنے پاس بٹھا لیتا ہے اور میری حجامت بناتے ہوئے مجھے آسانی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں نے سوچا کہ آپ کو آنے کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں نکھار پیدا ہو گا ۔ عمر میں برکت ہو گی، رزق میں اضافہ اللہ کی مہربانی سے ہو گا جس سے یقینی طور پر مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ اگر اللہ نہ کرے کوئی بیماری ہے تو شفا کاملہ عطا ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

کھلا اناج
ام کلثوم، پنڈی بھٹیاں

خواب : یہ خواب میرے میاں نے دیکھا ہے اور وہ دیکھتے ہیں کہ ہماری جو دکان ہے اس کے پیچھے ہی ہمارا گودام ہے جو ہم سامان رکھنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ وہاں صفائی کے دوران دیکھتے ہیں کہ جگہ جگہ کھلے اناج کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں اور جگہ جگہ پڑے ہوتے ہیں۔ جبکہ میرے میاں عام طور پر اناج کو اس طرح کھلا نہیں رکھتے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ دولت بھی ملے گی جس سے خوشی نصیب ہو گی۔ گھر میں آرام و سکون ملے گا ۔ دین و دنیا دونوں میں بھلائی آئے گی ۔ عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

شوہر زیور بیچنا چاہتا ہے
نسرین بی بی، اوکاڑہ

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے جو زیور شادی پر تحفتاً پائے تھے اور بعد میں اپنی ساس کے پاس رکھوا دیئے تھے۔ دیکھتی ہوں کہ میرے میاں نے ان سے لے کر کہیں بیچ دیا ہے حتیٰ کہ وہ چین اور انگوٹھی جو ان کو دی تھی وہ بھی انہوں نے بیچ دی ہے۔ دوسرے منظر میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ جیسے بیچنا وہ اپنا چاہتے تھے اور وہی نکالا اس کے بعد کا حصہ مجھے یاد نہیں مگر یہ سوچ کافی مضبوطی سے آنکھ کھلنے کے بعد بھی رہی ۔

تعبیر: مرد اور عورت کے لئے سونے کی تعبیر الگ ہے، یہ خواب اچھا ہے ، پریشانی کی بات نہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے رزق میں اضافہ ہو گا اور گھر و کاروبار میں برکت ہو گی ۔ کسی پریشانی یا مشکل وقت سے نجات حاصل ہوگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔

کسی جگہ بند ہو جانا
بلال احمد، لاہور

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی جیل نما جگہ پر بند ہوں، کہیں سے بھی باہر جانے کا راستہ نہیں ہے، اگر کہیں ہے بھی تو وہاں جیل کی طرح کے دروازے لگے ہوئے ہیں ۔ اگلے منظر میں دیکھتا ہوں کہ میں اسی عمارت کی چھت پر کھڑا اذان دے رہا ہوں اور پھر جانے کہاں سے ادھر لوگ آ جاتے ہیں جو میرے ساتھ ادھر نماز پڑھنے لگ جاتے ہیں ۔ اس کے بعد جب میں دوبارہ ان کمروں کی طرف جاتا ہوں جہاں پہلے بھی گیا تھا اور سلاخیں نما دروازے دیکھ کر واپس آ گیا تھا، وہاں اب کچھ نہیں ہوتا بلکہ کمروں میں دروازوں کی جگہ ہوتی ہی نہیں بس چوکور سا خلا ہوتا ہے ۔ میں نارمل انداز میں باہر نکل کر گھر کی طرف چل پڑتا ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو کسی پریشانی غم یا رکاوٹ کو دور کرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے یعنی اس سے نجات پا کر آپ کی عزت و توقیرپھر سے بحال ہوجائے گی اور پریشانیاں و رکاروٹیں دور ہوکر کاروبار میں بھی برکت ہوگی، سکون ہوگا ، آپ نمازپنجگا نہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کاورد کریں ۔

تلوار لے کر گھومنا
جلال الدین، گوجرانوالہ

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی قلعہ میں موجود ہوں، جہاں عجائب گھر نما سا کمرہ ہے۔ اور ادھر پرانے زمانے کا اسلحہ رکھا گیا ہے۔ میرے دوست اور میں حیران ہوکر ان کو دیکھتے ہیں ایک دوست وہاں لٹکی ہوئی تلوار اتار لیتا ہے اور میں اس سے لے کر اپنی کمر کے ساتھ لٹکا لیتا ہوں۔ اس کے بعد ہم ادھر ادھر گھوم پھر کے مزید چیزیں دیکھتے ہیں اور میں نادانستگی میں اس تلوار کو باندھے گھومتا پھر تا ہوں اور کوئی بھی گارڈ مجھے نہیں روکتا ۔ حتی کہ میں جب میں وہاں سے نکلتا ہوں تو وہ پہرے دار مجھے جھک کر سلام کرتا ہے اور روکتا نہیں۔

تعبیر: آپ کا خواب اچھا ہے اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے۔ یہ ازدواجی زندگی کی خوشخبری یا نوکری وکاروبار میں ترقی پر دلیل کرتا ہے جس سے رزق میں اضافہ ہوگا یا مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

سانپ دیکھ کر ڈرنا
سدرہ خان ، شیخوپورہ

خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھ رہی ہوتی ہوں کہ اچانک میری نظر چھت پر پڑتی ہے وہاں پنکھے کے ساتھ ایک رسی سی لٹک رہی ہوتی ہے۔ میں یہ سوچ رہی ہوتی ہوں کہ کہ میرے بھتیجے بھتیجیوں کا کارنامہ ہوگا کہ کمرے میں کھیل کے دوران بچوں نے یہ دوپٹہ یا رسی اچھال کر پنکھے پہ لٹکا دی، بچوں کو بلانے کیلئے میں اٹھتی ہوں تاکہ اٹھ کے ان کو ڈانٹوں اس دوران وہ رسی ہلنا شروع کر دیتی ہے۔ تب مجھ پہ یہ انکشاف ہوتا ہے کہ یہ رسی نہیں بلکہ سانپ ہے۔ یہ دیکھ کر میں دہشت زدہ ہوکر چیخنا شرو ع کردیتی ہوں۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آسکتی ہے۔ کو ئی عزیز و رشتے داری دشمنی کرنے کی کوشش کرے گا مگر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہو تو کچھ بھی نقصان نہیں ہوگا، آپ محفوظ رہیں گی ۔ یہ معاملات نوکری، کاروبار یا تعلیمی معاملات کو بھی خراب کر سکتے ہیں۔ آپ نما ز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے یا سلام یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ ہر منگل یا ہفتہ کو کالے چنے یا کالا کپڑا اپنے اوپر سے وار کر کسی مستحق کو دے دیا کریں۔

دکان اور سامان پر قبضہ
حسن علی، راولپنڈی

خواب: میں نے دیکھا کہ میں گھر میں بیٹھا بچوں کے ساتھ باتیں کر رہا ہوں میرے فون پر کسی مارکیٹ والے کی کال آتی ہے کہ مالک مکان نے تمہاری دوکان پر تالا ڈال دیا ہے اور سامان بھی قبضہ میں کر لیا ہے ۔ یہ سن کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں۔ اصل میں حقیقت بھی وہی ہے کہ کاروبار میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان مسائل کو لے کر بھی پریشانی ہے۔ اس لئے خواب دیکھ کر اور زیادہ پریشانی ہوگئی ہے ،کیا مجھے کوئی اس کا حل مل سکتا ہے ؟

تعبیر: یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے مگر اللہ کی رحمت سے نا امید ہونا کسی مسلمان کو زیب نہیں دیتا۔ اللہ آپ کو اپنے حفظ وامان میں رکھیں۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپ رات کو بعد ازنماز عشاء اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 211 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ سے دعا کریں۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور سجدے میں جا کر نہایت عاجزی سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ ہر نماز کے بعد استغفار کریں۔

ناشتہ کرنا
نادر علی، سکھر

خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ننھیال گئی ہوئی ہوں اور وہاں میری ممانی سب بچوں کو ناشتہ دے رہی ہوتی ہیں۔ گھر کے سب بچے اور نوجوان ان کے گرد کچن میں ہی جمع ہوتے ہیں۔ جب میری باری آتی ہے تو میں دیکھتی ہوں کہ مجھے باقی کزنز کے برعکس ناشتے میں پنیر اور شہد ملتا ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور مزے سے کھاتی ہوں۔

تعبیر؛ اچھا خواب ہے اور کسی خوشخبری و آسانی پہ دلیل کرتا ہے۔ یہ تعلیمی امور سے متعلقہ ہو سکتی ہے یا گھریلو اور کاروباری زندگی سے بھی۔ اس سے رزق میں بھی اضافہ ہوگا اور مال ومسائل میں بھی برکت ہوگی اور ظاہری سی بات ہے کہ اس سے گھر میں بھی آرام وسکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ اداکیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں