سعودی سفیر کی عازمین حج کیلیے چینی ویکسین منظور کرنے کی یقین دہانی

سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے چین کی کورونا ویکسین کی منظوری نہیں دی اس سے پاکستانی پریشان ہیں، وزیراعلی سندھ

سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے چین کی کورونا ویکسین کی منظوری نہیں دی اس سے پاکستانی پریشان ہیں، وزیراعلی سندھ (فوٹو: فائل)

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی درخواست پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نے چین کی کورونا ویکسین کی منظوری کی یقین دہانی کرادی تاکہ پاکستانی حجاج سعودی عرب آسکیں۔

جمعہ کو سعودی سفیر نواف سعید اے المالکی اور قونصل جنرل بندر الدیال سمیت کنگ سلمان ریلیف آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سعودی عرب نے عازمین حج کے لیے چین کی کورونا ویکسین کی منظوری نہیں دی اس سے پاکستانی عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔


مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اپنے شہریوں کو چین کی ویکسین لگائی ہے، اب ہمارے لوگ کافی پریشان ہیں کہ انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان کے پاس چینی ویکسین کے لگانے کا سرٹیفکیٹ ہے۔ سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ چینی ویکسینز کی منظوری دی جائے گی اور پاکستان کے لوگوں کو حج کے لیے سعودی عرب میں خوش آمدید کہا جائے گا۔

دریں اثنا ملاقات کے لیے آنے والے سفارت کاراپنے ساتھ کنگ سلمان میڈیکل سینٹر کا ایک وفد اپنے ساتھ لائے تھے تاکہ کراچی اور شکارپور میں ایک ہفتہ طویل میڈیکل کیمپ لگایا جائے۔ سعودی ڈاکٹرز آنکھوں اور دل کے مریضوں کا علاج کریں گے اور ضرورت پڑنے پر سرجری بھی کریں گے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ آنکھوں کی سرجری کیمپ میں کی جاسکتی ہے لیکن اوپن ہارٹ سرجری صرف متعلقہ آپریشن تھیٹر میں کی جاسکتی ہے۔ ہمارے پاس سکھر ، ٹنڈو محمد خان اور کراچی میں کارڈیک اسپتال ہیں جہاں اوپن ہارٹ سرجری آسانی سے کی جاسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر صحت اور سکریٹری صحت کو ہدایت دی کہ وہ سعودی عرب کے ڈاکٹرز کے ساتھ ایک الگ میٹنگ کریں اور ان کے کیمپوں کیلئے مناسب منصوبہ بنائیں اور انہیں ضروری سہولیات اور تحفظ فراہم کریں۔
Load Next Story