5جی ٹیکنالوجی کیخلاف درخواست دینے پرجوہی چاؤلہ کو20 لاکھ روپے جرمانہ

جوہی چاؤلہ نے یہ مقدمہ سستی شہرت کے لیے دائر کیا ہے، عدالت


ویب ڈیسک June 05, 2021
عدالت نے مدعیوں کو ایک ہفتے کے اندر جرمانہ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے، فوٹوفائل

بھارتی ہائی کورٹ نے 5 جی ٹیکنالوجی کے خلاف درخواست دینے پر بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاؤلہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

چند روز قبل اداکارہ جوہی چاؤلہ نے بھارت میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی ترقی یا ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف نہیں لیکن فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تابکاری کا اخراج انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھارت میں فائیوجی ٹیکنالوجی کے استعمال کو روکنے کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔

تاہم دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز ہونے والی سماعت میں اداکارہ کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کو قانون کے عمل کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے اداکارہ کی درخواست کو مسترد کردیا اوراسے سستی شہرت کے لیے کیا جانے والا اقدام قرار دیتے ہوئے ان پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: جوہی چاولہ فائیو جی ٹیکنالوجی کیخلاف میدان میں آگئیں

بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس جے آر مدھا نے دوران سماعت مقدمے کو عیب دار قرار دیا اور اسے تکنیکی بنیادوں پر مسترد کرتے ہوئے کہا مدعیوں نے قانون کے عمل کا غلط استعمال کیا جس کے نتیجے میں عدالتی وقت ضائع ہوا۔

عدالت نے مدعیوں پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کے اندرجرمانہ دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے پاس جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ اور اگر مدعیوں نے ایک ہفتے کے اندر جرمانے کی رقم نہیں بھری تو ڈی ایل ایس اے قانون کے مطابق وصولی کرے گا۔ عدالت نے بتایا یہ جرمانہ سڑک پر ہونے والے حادثے کے متاثرین کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق مدعیوں نے یہ مقدمہ پبلسٹی (تشہیر) کے لیے دائر کیا ہے جو اس حقیقت سے واضح ہے کہ مدعی نمبر ایک (جوہی چاؤلہ) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیس کی کارروائی سے متعلق لنکس شیئر کیے تھے جس سے بار بار عدالتی کارروائی میں خلل پڑتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں