سی ٹی ڈی نے لیاری گینگ وار کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا

تینوں ملزمان قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے، بھتہ خوری اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں

گرفتار ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی انکشافات کیے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔(فوٹو:فائل)

پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے لیاری گینگ وار کے 3 کارندوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس نے لیاری کے علاقے میراں ناکہ کے قریب ایک گلی میں چھاپہ مارکر 3 ملزمان اسلم عرف سندھی، تنویر عرف پٹنی اور ماجد کو گرفتار کرکے ایک ہینڈ گرینیڈ، ایک کلاشنکوف اور ایک ٹی ٹی پسٹل برآمد کرلی۔


سی ٹی ڈی پولیس نے ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہونے کا دعوی کیا ہے، تینوں ملزمان قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے، بھتہ خوری اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔

جب کہ ملزم تنویر کھارادر پولیس کے ہاتھوں میں قتل کے الزام میں گرفتار ہوچکا ہے اور تین سال جیل کاٹ کر ضمانت پر رہا ہوا تھا اور رہائی کے بعد بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔

گرفتار ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے بارے میں بھی انکشافات کیے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
Load Next Story