پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر نے بھتیجی اور اس کے آشنا کو قتل کر دیا

مقتول جوڑا پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، ملزمان نے نعشیں نہر میں بہا دیں۔


Numainda Express June 06, 2021
ولانہ برادری کے جرگہ نے قتل کا فیصلہ کیا، پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کر لیا، پولیس۔ فوٹو: فائل

کاروکاری کا الزام، پی ٹی آئی ایم پی اے کے ٹکٹ ہولڈر نے دیگر ملزمان کے ہمراہ اپنی بھتیجی اور اس کے آشنا کو اغواء اورتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر کے دونوں کی نعشیں نہر میں بہا دیں۔

تحصیل صادق آباد کے علاقہ بستی علامہ سائیں دہ گوٹھ کی طاہرہ قمر دختر قمر الدین ولانہ اور اس کا قریبی رشتہ دار 25 سالہ طالب علم احسان خالق ولانہ محبت کی شادی کرنا چاہتے تھے۔ رنجش پر طاہرہ کے چچا پی ٹی آئی صوبائی حلقہ 265 کے ٹکٹ ہولڈر جام اللّٰہ یار ولانہ نے مبینہ طور پر دیگر ملزمان صبغت اللہ، اعجاز، امان اللّٰہ اور داد ولانہ کے ہمراہ احسان خالق اور طاہرہ قمر کوکمرے میں بند رکھا تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گلا دبا کر قتل کیا۔

سوشل میڈیا پر خبر آتے ہی پولیس حرکت میں آگئی، ریسکیو 1122 اور پولیس نے نہر سے نعشیں نکالنے کے بعد مقدمہ درج کر کے ٹکٹ ہولڈر کو حراست میں لے لیا۔ پوسٹمارٹم کے بعد مقتولین کی نعشیں ورثاء کے حوالے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے، مقتول جوڑا پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا ملزمان نے مبینہ طور پر دو دن سے اغواء کے بعد حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا۔

پوسٹ مارٹم اور ابتدائی معلومات کی روشنی میں پولیس نے اپنی مدعیت میں دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے جام اللّٰہ یار ولانہ کو گرفتار کر لیا۔پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ دوہرے قتل کیلئے ولانہ برادری کا جرگہ ہوا تھا جس میں قتل کا فیصلہ کیا گیا ، پولیس نے افسوسناک واقعہ کی تفتیش شروع کر دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔