حکومت صحافیوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائےسی پی این ای

3 کارکنوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار اور ایکسپریس میڈیا گروپ کے ساتھ اظہار یکجہتی

ایکسپریس گروپ کو3 بار نشانہ بنائے جانے کے باوجود ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ فوٹو: فائل

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے صدر مجیب الرحمان شامی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے ایکسپریس گروپ کے3 کارکنوں کی شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایکسپریس گروپ کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا ہے۔

سی پی این ای کے رہنماؤں کی جانب سے ہفتے کو یہاں جاری کیے گئے ایک بیان میں اس امر پر غم و غصہ کا اظہار کیا گیا کہ گذشتہ 6 ماہ کے دوران ایکسپریس گروپ کو3 بار نشانہ بنائے جانے کے باوجود ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ میڈیا سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور یہ ریاستی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گذشتہ چند سال سے ملک میں میڈیا سے وابستہ افراد کی ہلاکتوں کی تعداد ایک سو کے قریب جا پہنچی ہے اور قاتل آج بھی آزادانہ طور پر گھوم رہے ہیں۔




بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو دبانے کی ہر مذموم کارروائی کی مزاحمت کی جائے گی اور ان کے قلم کی حرمت پر ہرگز آنچ نہ آسکے گی۔ صحافت کے پیشے کیلیے دنیا کا تیسرا خطرناک ملک قرار دیے جانے کے باوجود پاکستانی میڈیا سے وابستہ افراد کے حوصلے بلند ہیں ، اس لیے کسی بھی مذموم کارروائی کو خاطر میں لائے بغیر پاکستانی میڈیا اپنا مشن جاری رکھے گا۔دریں اثنا سی پی این ای کے سینئر نائب صدر الیاس شاکر کی زیر صدارت کونسل کے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں ایکسپریس نیوز چینل کے 3 کارکنوں کی ہلاکت کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ایکسپریس گروپ کے دفاتر پر حملوں اور اس کے کارکنوں کو شہید کرنے کے واقعات میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے اور صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کی مناسب سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایسے جان لیوا واقعات کو روکا جاسکے۔
Load Next Story