جامعہ کراچی میں روایتی چینی ادویہ سے متعلق تحقیقی مرکز کا قیام

روایتی چینی و یونانی ادویہ پر سمپوزیم بھی ہوگا، ترجمان بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتی علوم


ویب ڈیسک June 08, 2021
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی میں پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ڈسکوری کا بیرونی منظر۔ (فوٹو: آئی سی سی بی ایس)

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں بدھ 9 جون کے روز ''سائنو پاکستان کوآپریشن سینٹر فار ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن'' (روایتی چینی ادویہ) کی تختی کا افتتاح ہوگا جبکہ اسی روز روایتی چینی ادویہ اور روایتی یونانی ادویہ کے موضوع پر ایک روزہ سائنو پاکستان سمپوزیم بھی منعقد ہوگا جس میں چین اور پاکستان کے ماہرین اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق سمپوزیم کی افتتاحی تقریب بدھ کو صبح دس بجے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم میں ہوگی۔

صوبائی سیکریٹری صحت و بہبودِآبادی ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی سائنو پاکستان کوآپریشن سینٹر فار ٹریڈیشنل چائینیز میڈیسن کا افتتاح کریں گے جبکہ افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گے۔ اس تقریب میں چینی اور پاکستانی حکام خطاب کریں گے۔

مقررین میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، وزیر اعظم کی نیشنل ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے سربراہ اور بین الاقوامی مرکز کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، صوبائی وزیرِصحت و بہبودِآبادی ڈاکٹر عزرا فضل پیچوہو (آن لائن)، چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق (آن لائن)، پاکستان میں چینی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن محترمہ چنخ پنگ (آن لائن)، چینی ہنان صوبے کے میئر لی چنخ (آن لائن) اورآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کومسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس تقریب کا مقصد پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ بھی منانا ہے۔

واضح رہے کہ یہ تقریب ایک ہی وقت میں چین اور پاکستان، دنوں ملکوں میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں