کراچی کے علاقے منگھوپیر میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران 20 ملزمان گرفتار اسلحہ برآمد

گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، ترجمان سندھ رینجرز

کواری کالونی کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے ہیں،کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں، فوٹو: فائل

رینجرز نے منگھوپیر کے علاقے کواری کالونی میں کئی گھنٹوں پر محیط سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ برآمد کرتے ہوئے 20 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کواری کالونی میں مبینہ طور پر موجود کالعدم تنظیموں سے وابستہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں رینجرز کے ایک ہزار اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔ آپریشن کے دوران کواری کالونی کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیئے گئے تھےاور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی ، منگھوپیر جانے والی ٹریفک کو نصرت بھٹو کالونی سے قلندریہ چوک کی جانب جبکہ سرحد پیٹرول پمپ سے ٹریفک کو کٹی پہاڑی کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔


آپریشن کے خاتمے پر سندھ رینجرز کے ترجمان بریگیڈیئرحامد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں پچھلے کئی سال سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کوئی مناسب کارروائی نہیں کی گئی تاہم پچھلے 5ماہ سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف منظم انداز میں کارروائی کی جارہی ہے، انھوں نے کہا کہ کواری کالونی میں آپریشن کے دوران 20 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضےسے 30 سے زائد ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

 
Load Next Story