سری لنکا نے پاکستان کیخلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنا لئے، لنکن ٹائیگرز کو قومی ٹیم پر 220 رنز کی برتری حاصل ہے۔
شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو پوری ٹیم 341 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، دوسری اننگز میں سری لنکن بیٹسمین دباؤ کا شکار دکھائی دئے، 13 کے مجموعی اسکور پر اوپننگ بلے باز ڈیموتھ کرونارتنے 8 رنز بنا کر محمد طلحہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کشال سلوا تھے جو 36 رنز بنا کر عبدالرحمان کا شکار بنے، اسی طرح کمارسنگاکارا 8، مہیلاجے وردھنے 46 اور دنیش چندیمل 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، چوتھے روز کھیل کے اختتام تک کپتان انجیلو میتھیوز 14 اور پرسانا جے وردھنے 6 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد طلحہ اور عبدالرحمان نے 2،2 اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی، اس سے قبل پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں احمد شہزاد نے 147، مصباح الحق 63 اور خرم منظور 52 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ نے 5، شامندا ایرنگا نے 4 اور دلرووان پریرا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سری لنکا کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لئے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔