تربیلا کے مزید 2 یونٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی

ایسا ان ٹیک کی سطح بلند کرنے کا کام مدت سے پہلے مکمل کرنے سے ممکن ہوا۔

بجلی کی پیداوار 2030 میگا واٹ، 10 روز میں 3800 میگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔ فوٹو: فائل

تربیلا ڈیم میں مزید 2 یونٹس سے بجلی کی پیداوار مقررہ ہدف سے 21 روز پہلے شروع ہوگئی ہے۔

واپڈا نے مٹی سے بچاؤ کے لیے تربیلا کی دو ٹنل کے ان ٹیک (Intake) کی سطح بلند کرنے کا کام مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر لیا ہے، دونوں ٹنل کی سطح بلند کرنے کا مقصد تربیلا ہائیڈل پاور اسٹیشن سے بجلی کی پیداوار میں استحکام لانا ہے۔


مذکورہ کام عالمی بنک کی مالی معاونت سے مکمل کیا گیا ہے۔ کام کی تکمیل کے بعد اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر گذشتہ روز مزید دو یونٹس سے بجلی کی پیداوار مقررہ ہدف سے 21 روز پہلے شروع ہوگئی ہے، جس کے بعد تربیلا سے بجلی کی پیداوار میں 672 میگا واٹ کا اضافہ ہوچکا ہے اور یہ ایک ہزار 358 میگا واٹ سے بڑھ کر 2 ہزار 30 میگا واٹ ہوگئی ہے، توقع ہے آئندہ 10 روز میں تربیلا سے بجلی کی پیداوار 3 ہزار 800 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔

گذشتہ روز واپڈا کے پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو آف پیک آورز کے دوران 5 ہزار 264 میگا واٹ بجلی مہیا کی گئی۔
Load Next Story