اسکینڈلز کو اہمیت نہیں دیتی دُرشتی دھامی

’’کلرز‘‘ پر ’’مدھوبالا‘‘ کا ٹائٹل رول کرنے والی اداکارہ کی باتیں


Farooq Aslam September 09, 2012
اداکارہ دُرشتی دھامی نے"دل مل گئے‘‘ اور ’’گیت‘‘ میں بہ طور اداکارہ شان دار پرفارمینس دے کر ناظرین کی توجہ حاصل کی۔ فوٹو : ایکسپریس

ISLAMABAD: چھوٹے پردے کی خوب صورت اور باصلاحیت اداکارہ دُرشتی دھامی نے راتوں رات شہرت کا سفر طے کر لیا۔

اس نے سیریل ''دل مل گئے'' اور ''گیت'' میں بہ طور اداکارہ شان دار پرفارمینس دی اور ناظرین کے ساتھ ناقدین کی توجہ حاصل کرنے میں کام یاب رہی۔ ان دنوں یہ اداکارہ ''مدھوبالا'' نامی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس کی نجی زندگی اور کیریر کے بارے میں جاننے کے لیے یہ مضمون پڑھیے۔

وہ ممبئی میں 10جنوری 1985 کو پیدا ہوئی۔ اس کے والدین کا تعلق گجرات کے ایک ہندو گھرانے سے ہے۔ اداکارہ نے تھوڑا عرصہ احمدآباد میں بھی گزارا، لیکن انڈسٹری میں قدم رکھنے کی غرض سے ممبئی ہی میں سکونت اختیار کی۔

وہاں اس نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا اور نفسیات کے مضمون میں ماسٹرز کیا۔ بہ طور ماڈل کئی مرتبہ کیمرے کا سامنا کرنے والی دُرشتی''دل مل گئے'' میں ''مسکان'' کے روپ میں پہلی بار ٹیلی ویژن اسکرین پر نظر آئی۔ یہ ڈراما سپر ہٹ ثابت ہوا اور اس سے جڑا ہر فن کار شہرت کی بلندیوں کو چُھونے لگا۔

اداکاری کے میدان میں اس ناتجربہ کار لڑکی کو اس کی صلاحیت اور قسمت کے دخل سے زبردست کام یابی ملی اور جلد ہی اُسے سیریل ''گیت'' کا ٹائٹل رول آفر ہو گیا۔ یہ کردار اس کی شہرت میں مزید اضافے کا باعث بنا اور لاکھوں ہندوستانی ناظرین اس کے مداح ہو گئے۔

ان دنوں وہ کلرز ٹی وی چینل کے سیریل '' مدھوبالا، اک عشق، اک جنون'' میں ٹائٹل رول ادا کر رہی ہے۔ دُرشتی نے اس سلسلے میں بتایا، ''مدھو بالا نامی یہ کردار میرے ایک منفرد تجربہ ثابت ہو رہا ہے، کیوں کہ یہ ممبئی کے مخصوص ماحول کی پروردہ لڑکی ہے۔

جس کا لب و لہجہ اور انداز اپنانے کے لیے مجھے محنت کرنا پڑی۔ یہ کردار ایک شرمیلی اور خاموش طبع لڑکی کا ہے جو کوئی تمنا اور آرزو اپنے اندر نہیں پاتی۔ یہ سادہ اور جھمیلوں سے آزاد زندگی گزارنے کی عادی ہے۔ اس کی ماں ایک آرٹسٹ ہے اور فلم نگری سے وابستہ ہے، مگر مدھو بالا دوسروں کی طرح شوبزنس کی چکاچوند میں خود کو گم کر لینے کی کوئی خواہش نہیں رکھتی۔

لیکن کہانی آگے بڑھے گی تو ناظرین اس کردار میں کئی تبدیلیاں دیکھیں گے۔'' اداکارہ نے مزید کہا، ''میری کوشش ہے کہ اس کردار کے ذریعے ایک مرتبہ پھر خود کو منواؤں اور میں اس کے لیے دن رات محنت کر رہی ہوں۔'' کہا جارہا تھا کہ یہ شو ماضی کی نام ور اداکارہ مدھوبالا کی زندگی کا عکس ہے۔ تاہم درشتی نے اس بات کی نفی کرتے ہوئے اسے محض قیاس قرار دیا۔

شوبزنس میں افواہ اور اسکینڈلز اداکاروں کے تعاقب میں رہتے ہیں۔ درشتی بھی اس سے نہیں بچ سکی۔ سیریل ''گیت'' میں اداکار گرمیت چودھری کے ساتھ اس کی اسکرین جوڑی کو بے حد پسند کیا گیا، لیکن آگے جاکر ان کے درمیان دوستانہ تعلق میں رنگ آمیزی کی جانے لگی۔

اداکارہ سے اس بارے میں پوچھا گیا تو اس نے کہا،''میرے نزدیک ان باتوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ میری توجہ اپنے کیریر پر ہے اور میں کسی بات کی وضاحت اُس وقت کرتی ہوں جب اس کی ضرورت ہو۔ یہاں مجھے کچھ کہنے کی ضرورت محسوس نہیں ہو رہی۔''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں