کورونا سے جاں بحق سندھ پولیس اہلکار شہید قرار نہیں دیے جاسکے

سندھ حکومت نے گزشتہ برس کورونا سے وفات پانے والوں کو شہید قرار دینے کا اعلان کیا تھا، حکومت سندھ وعدہ وفا نہ کرسکی

سندھ پولیس کے 26 افسر و جوان کورونا سے جاں بحق ہو چکے، کورونا سے ہلاک افسران و جوانوں کے ورثا شدید پریشانی سے دوچار فوٹو: فائل

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث سندھ پولیس کے جاں بحق افسران اور جوانوں کو اب تک '' شہید '' قرار نہیں دیا گیا ہے۔

گزشتہ برس سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا سے وفات پانے والوں کو شہید قرار دیا جائے گا جس کے بعد ان تمام افراد کے ورثا کو شہدا کے برابر زر تلافی اور دیگر مراعات دی جائیں گی لیکن آج تک یہ وعدہ وفا نہ ہوسکا ، سندھ پولیس ایسے ورثا کو اپنی جانب سے 5 لاکھ روپے اضافی فراہم کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں تباہی مچائی تو وہیں سندھ پولیس بھی اس کی زد میں ہے، اعداد و شمار کے مطابق سندھ پولیس کے اب تک 26 افسر و جوان کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔


سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ برس یہ اعلان کیا گیا تھا کہ وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کو شہید قرار دیا جائے گا لیکن عملی طور پر ایسا کچھ بھی نہیں ہوسکا ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے صرف زبانی طور پر ہی کہا گیا ہے جبکہ مروجہ قواعد و ضوابط کے مطابق نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ، سندھ پولیس کو اس سلسلے میں کسی قسم کے کوئی تحریری احکامات نہیں ملے جس کی رو سے کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والوں کو شہید قرار دیا جاسکے۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر شہید قرار دے دیا جائے تو مذکورہ 26 افسران و اہلکاروں کے قانونی ورثا کو '' شہدا پیکیج ''دیا جائے گا ، شہدا پیکیج کے مطابق قانونی ورثا کو ایک کروڑ روپے زر تلافی ادا کیا جاتا ہے جبکہ اس کے علاوہ بچوں کی پڑھائی کے اخراجات ، میڈیکل الاؤنس اور شادی بیاہ کے موقع پر بھی کچھ اخراجات ادا کیے جاتے ہیں۔

ورثا میں کوئی اہل ہو تو اسے سرکاری ملازمت بھی فراہم کی جاتی ہے ،ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے افسران و اہلکاروں کے ورثا میں اس حوالے سے شدید بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ سندھ حکومت کی جانب سے محض زبانی جمع خرچ ہی کی گئی ہے جبکہ کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے ، مذکورہ 26 افسران و اہلکاروں کے ورثا کو سندھ پولیس کی جانب سے اپنے طور پر اضافی 5 لاکھ روپے بطور زر تلافی ادا کیے گئے ہیں لیکن سندھ حکومت کے اعلان پر عملدرآمد کے اب تک منتظر ہیں۔
Load Next Story