ہوم سیریز نہ ہارنے کا انگلش بھرم ٹوٹ گیا

7 برس بعد اپنے ملک میں شکست، دوسرا ٹیسٹ 8 وکٹ سے کیویز کے نام


Sports Desk June 14, 2021
7 برس بعد اپنے ملک میں شکست، دوسرا ٹیسٹ 8 وکٹ سے کیویز کے نام

ISLAMABAD: کیویز نے انگلینڈ کو 7 برس بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں ناکامی سے دوچار کردیا، نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹیسٹ 8 وکٹ سے جیت کر دو میچز کی سیریز 0-1 سے اپنے نام کرلی، لارڈز میچ ڈرا رہا تھا، 2014 میں سری لنکا نے انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ میں شکست سے دوچار کیا تھا۔ میٹ ہنری میچ اور کونوے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تفصیلات کے مطابق برمنگھم میں انگلینڈ کی شکست کے آثار ہفتے کو میچ کے تیسرے دن ہی نمایاں ہوگئے، اتوار کو چوتھے دن محض 11 اوورز میں ان کا قصہ تمام ہوگیا، میزبان الیون نے گذشتہ دن کے اسکور 9 وکٹ 122 رنز سے شروعات کی، دن کی پہلی گیند پر ٹرینٹ بولٹ نے مہمان ٹیم کو مطلوبہ وکٹ بھی دلوادی، اولی اسٹون کی گیند سے نکلنے والا کیچ وکٹ کیپر ٹام بلنڈل نے باآسانی تھام لیا، اسٹون گذشتہ دن کے انفرادی اسکور 15 پر ہی میدان بدر ہوگئے۔

جیمز اینڈرسن بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے، کیویز کو 38 رنز کا آسان ہدف ملا لیکن اس تک رسائی میں بھی ان کے 2 کھلاڑی میدان بدر ہوئے، ول ینگ (8)اور ڈیوون کونوے (3) رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، قائم مقام کپتان ٹام لیتھم 23 پر ناٹ آؤٹ رہے، روس ٹیلر نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھاتہ کھولے بغیر موجود رہے اور ٹیم کی فتح کا اعلان ہونے پر ڈریسنگ روم واپس آئے، لیتھم نے مارک ووڈ کو تھرڈ مین باؤنڈری پر چوکا رسید کرکے کیویز کی فتح کو یقینی بنادیا۔ اس سے قبل 2014 میں سری لنکا نے انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں مات دی تھی اور اب 7 برس بعد کیویز یہاں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی پہلی ٹیم بن گئی، چوتھے دن محض 11 اوورز کا کھیل ممکن ہوا لہذا گراؤنڈ آنے والے شائقین چوتھے دن کے پیسے واپس لینے کے حقدار بن گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں