پولیس والوں نے چور کی 18ویں سالگرہ تھانے میں ’جبراً‘ منائی

شرمندہ اور بے بس نوجوان پولیس والوں کا ہر حکم ماننے پر مجبور تھا


ویب ڈیسک June 16, 2021
شرمندہ اور بے بس نوجوان پولیس والوں کا ہر حکم ماننے پر مجبور تھا۔ (فوٹو: یوٹیوب اسکرین گریب)

برازیل کی ریاست ریو گراندے دو نورتے میں پولیس نے ایک نوجوان چور کو اس کی اٹھارویں سالگرہ والے دن گرفتار کیا اور اسے شرمندہ کرنے کےلیے تھانے میں اس کی 18ویں سالگرہ زبردستی منائی۔

یہی نہیں بلکہ سالگرہ کی اس جبری تقریب میں چور کی والدہ کو بھی بلایا گیا اور اس دوران پولیس والے اس لڑکے پر جملے بھی کستے رہے۔

خبروں کے مطابق، ریو گراندے دو نورتے میں مقامی پولیس نے گاڑیوں کے ٹیپ ریکارڈرز اور دوسرا چھوٹا موٹا سامان چرانے والے نوجوان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے جس دن گرفتار کیا تو معلوم ہوا کہ وہی دن اس کی 18ویں سالگرہ بھی ہے۔

چور کو گرفتار کرکے تھانے لے جایا گیا جہاں اس کی والدہ کو بھی بلوا لیا گیا۔ اس کے بعد تھانے میں ہی اس نوجوان چور کی 18ویں سالگرہ منائی گئی۔

اس سے زبردستی کیک کٹوایا گیا اور اسے کولڈ ڈرنک بھی پلائی گئی۔ اس دوران پولیس والے ''ہیپی برتھ ڈے ٹو یو'' گانے کے ساتھ ساتھ نوجوان پر جملے بھی کستے رہے اور اسے شرمندہ کرتے رہے۔

کیک کا ایک ٹکڑا اس نوجوان کو اور دوسرا اس کی والدہ کو زبردستی کھلایا گیا۔

یہی نہیں بلکہ ''جبری سالگرہ'' کی یہ تقریب فلمائی بھی گئی اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈال دی گئی جو وائرل ہوگئی۔



ویڈیو میں نوجوان کے چہرے پر شرمندگی اور بے بسی کے آثار دیکھے جاسکتے ہیں لیکن پھر بھی وہ پولیس والوں کے حکم کی تعمیل کرنے پر مجبور ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہوگئی اور دنیا بھر سے لوگوں نے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

دورانِ حراست کسی فرد سے پولیس کا یہ سلوک عوامی اکثریت نے ناقابلِ قبول اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے سخت محکمانہ کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

جلد ہی اس ویڈیو کے بارے میں برازیل کی ملٹری پولیس کو بھی خبر ہوگئی جس نے فوری طور پر ایک بیان میں کہا کہ جن پولیس والوں نے بھی یہ شرمناک حرکت کی ہے، ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

کئی سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کے اس طرزِ عمل کو بے رحمانہ کہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار اس بات کی خوشی منا رہے تھے کہ انہوں نے ایک چور کو ٹھیک اس دن گرفتار کیا ہے کہ جب وہ بالغ ہوچکا ہے اور اب اسے زیادہ سخت سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں