کراچی الہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پولیس اورمظاہرین میں جھڑپیں

پولیس کی ہوائی فائرنگ اور شیلنگ، متعدد مظاہرین گرفتار


ویب ڈیسک June 15, 2021
25 سال سے دکانیں قائم ہیں لہذا آپریشن نہیں کرنے دیں گے، مظاہرین

الہ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔

سپریم کورٹ کے احکامات پر اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ الہ دین پارک شاپنگ سینٹر اور پویلین کلب مسمار کرنے پہنچا تو اس دوران پولیس کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے بھاری مشینری کے ذریعے پارک میں قائم ریسٹورینٹ مسمار کرنا شروع کیا تو الہ دین پارک کے باہر ملازمین اور دکانداروں نے آپریشن کے خلاف احتجاج شروع کردیا جس کے نتیجے میں پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

مظاہرین کی جانب سے شدید احتجاج اور ہاتھا پائی کے نتیجے میں پولیس نے ہوائی فائرنگ کی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا بھی استعمال کیا جب کہ اس دوران متعدد افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

اینٹی انکروچمنٹ عملے نے دکانداروں کے احتجاج اور مزاحمت کے باعث کچھ دیر کے لیے آپریشن کو روک دیا تاہم پولیس کی بھاری نفری طلب کے جانے کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ 25 سال سے دکانیں قائم ہیں اور بغیر نوٹس کے آپریشن کیا جارہا ہے، ہم اپنی جگہ کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور آپریشن نہیں کرنے دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔