نیب آرڈیننس میں ترمیم کا شوق پورا کرنے سے پہلے عدالتی فیصلے پڑھ لیں چیئرمین نیب

تنقید کرنے والوں کو حقائق کا ادراک ہونا چاہیے، جاوید اقبال


ویب ڈیسک June 15, 2021
پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو موٹرسائیکل پر تھے آج جہاز خرید لیے، چیئرمین نیب فوٹو: فائل

LONDON: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کا شوق پورا کرنے سے پہلے اسفندیار ولی کیس کا فیصلہ پڑھ لیں.

لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران جاوید اقبال نے کہا کہ نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، نیب بڑے لوگوں کی خدمت کے لئے نہیں، عوام کے لئے وجود میں آیا، نیب مسئلہ نہیں مسائل کا حل ہے،نیب پر تنقید سے ہمیں سیکھنے کا موقع ملے گا، تنقید کے بھی اصول ہوتے ہیں، ہر چیز کے 2 پہلو ہوتے ہیں، روشن پہلوؤں کی بات نہیں کرسکتے تو تاریک پہلوں کو اجاگر کرکے قوم کو مایوس نہ کریں، نیب کوشاباش نہ دیں تاریک پہلو کی بات بھی نہ کریں، رب تعالیٰ جس کو عزت دینا چاہے تو کسی کے چند بیانات اس عزت کو ذلت میں بدل نہیں سکتے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل یہ کہا گیا کہ کاروباری طبقہ نیب سے مطمئن نہیں، نیب کی وجہ سے کچھ اہم ترین فیصلے نہیں ہوپا رہے، اس کے لئے ایک آرڈیننس لایا گیا۔ 4 مہینے بعد وہ آرڈیننس واپس ہوگیا۔ بتایا جائے کہ نیب کی وجہ سے کون سے معرکۃ الارا فیصلے نہیں ہوپارہے تھے۔ اگر ایسا ہے تو ان میں سے کون سے فیصلے کئے گئے، پارلیمنٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن تنقید کرنے والے اسفندیار ولی کے کیس کا فیصلہ بھی پڑھ لیں۔ نیب آرڈیننس میں ترمیم کا شوق پورا کرنے سے پہلے اسفندیار ولی کیس کا فیصلہ پڑھ لیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں نیب کسی بھی صورت رکاوٹ نہیں، نیب لوگوں کے لئے تحفظ کی آماج گاہ ہے، نیب کی وجہ سے ملک کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، آج ملک میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، نیب کے کئی مسائل پس پردہ رہ کر حل کئے، پاکستان میں مشکل ترین کام کسی سے پیسہ واپس لینا ہے، کہا گیا کہ نیب چھوٹی مچھلیوں کو پکڑتا ہے، چھوٹی مچھلیاں جال سے نکل جاتی ہیں ، ہم نے شارک اور مگرمچھوں کو پکڑا ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی بار 3 سال میں 533 ارب روپے کی وصولیاں ہوئی ہیں۔

جاوید اقبال نے کہا کہ حقیقی بزنس مین اور ڈکیت میں فرق کرنا ہوگا، بزنس مین لوگوں کو ناامید نہیں دلاتے، لوگوں کے گھر کے دیئے نہیں بجھاتے، 3ماہ میں کسی بھی کاروباری شخصیت کی شکایت نہیں آئی ، اس وقت1300ریفرنسز مختلف عدالتوں میں ہیں ان میں دو فیصد بھی بزنس مین کے کیسز نہیں۔ عام آدمی کی بربادی کی وجہ ہی کرپشن ہے، پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو موٹرسائیکل پر تھے آج جہاز خرید لیے، کچھ لوگ 35 سال اقتدار میں رہے ہیں کچھ کو 35 ماہ بھی نہیں ہوئے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے ہر قدم ملک و قوم کی بہتری کے لئے اٹھایا، نیب پہلے بھی موجود تھا اور آج بھی موجود ہے، نیب آئندہ بھی اپنا کام کرتا رہے گا۔ صبح پیشی بھگتنے والا شام کوخطاب میں نیب پر تنقید شروع کردیتا ہے، تنقید کرنے والوں کو حقائق کا ادراک ہونا چاہیے، نیب قوانین کو سپریم کورٹ دیکھ چکی ہے، کیا چند لوگ سپریم کورٹ سے زیادہ ذہین ہیں؟۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔