پنجاب میں مزارات پر جوتیوں اور بیت الخلاء کے پیسے وصول کرنا غیر قانونی قرار

محکمہ اوقات اپنے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائے اور زائرین کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں، لاہور ہائیکورٹ کا حکم


ویب ڈیسک June 16, 2021
محکمہ اوقات اپنے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائے اور زائرین کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں، لاہور ہائیکورٹ کا حکم۔ فوٹو:فائل

عدالت نے محکمہ اوقات کو حکم دیا ہے کہ مزارات پر آنے والے زائرین سے جوتیوں، پارکنگ اور بیت الخلاءکے استعمال پر کوئی پیسہ وصول نہیں کیا جائے گا اور عوام کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جائیں۔

پنجاب بھر کے مزارات پر جوتیوں کی حفاظت اور بیت الخلاء کے استعمال پر پیسے وصول کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے ریمارکس میں کہا کہ محکمہ اوقاف درباروں پر اپنی سروسز دینے کو لیز کرتا ہے، ایسا کرنے کے لیے قانون کے مطابق اخبارات میں اشتہار دیا جانا ضروری ہے، اوقاف والے غیر قانونی طور پر بیت الخلاء اور دیگر جگہوں پر اپنے بندے بٹھا دیتے ہیں، نمازیوں سے بھی پاپوش رکھنے کے عوض پیسے لیتے ہیں، اگر اوقاف عوام کو اپنی سروسز نہیں دے سکتا تو اس محکمہ کو ختم کردیں، آپ جوتوں سے لے کر موبائل رکھنے پر بھی چارجز لیتے ہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے درباروں پر جوتیوں، پارکنگ اور واش روم کے استعمال پر پیسے وصول کرنے کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ محکمہ اوقاف والے اپنے ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائیں گے، اور عوام سے کوئی پیسہ وصول نہیں کریں گے، عدالت نے زائرین کو تمام سہولیات مفت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ 15 روز کے بعد عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد رپورٹ لے کر پیش ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں