محکمہ تعلیم سندھ کا نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کا بھی اعلان

امتحانات میں صرف اختیاری مضامین کے پیپرز ہوں گے اور ان میں بھی فیل ہونے والوں کو پاسنگ مارکس دیئے جائیں گے، فیصلہ


ویب ڈیسک June 16, 2021
اختیاری مضامین میں اگر کوئی طالبعلم فیل ہوتا ہے تو اس کو پاسنگ مارکس دئیے جائیں گے، فیصلہ۔ فوٹو:فائل

ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لئے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نہم اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ جولائی میں دسویں جماعت کے امتحانات کے فوری بعد نویں کے امتحانات لئے جائیں گے، اور گیارہویں جماعت کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لئے جائیں گے، اور تمام امتحانات میں صرف اختیاری مضامین کے پیپرزہوں گے۔ جب کہ پہلی سے آٹھویں تک کے امتحانات اسکولز میں ہوں گے، تاریخ کا اعلان اسکولز اپنے طور پر کرسکیں گے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ امتحانات کے 45 روز کے بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا، نویں اور گیارہویں کے نتائج کا اعلان دسویں اور بارہویں کے بعد کئے جائیں گے، اختیاری مضامین میں اگر کوئی طالبعلم فیل ہوتا ہے تو اس کو پاسنگ مارکس دئیے جائیں گے اور لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کے مارکس کی بنیاد پر دئیے جائیں گے، جب کہ تھیوری امتحانات کے بعد ہی پریکٹیکلز لئے جائیں گے، پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔