سیز فائر کے باوجود اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری

بہادر فلسطینی اسرائیل کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے، حماس


ویب ڈیسک June 16, 2021
فضائی حملوں میں 3 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، فوٹو: فائل

گزشتہ ماہ ہونے والی سیز فائر کے باوجود اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر غزہ پر فضائی بمباری کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے آتش گیر غبارے اسرائیلی زمین پر بھیجے جانے کے جواب میں لڑاکا طیاروں نے حماس کے ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

اس حوالے سے اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح پر اردن سے رابطہ کیا گیا ہے اور غزہ سے آتش گیر غباروں کے حملے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ اگر ایسی کارروائیاں جاری رہیں تو سیز فائر معاہدہ ختم کردیں گے۔



دوسری جانب حماس رہنماؤں کا اسرائیلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہادر فلسطینی مزاحمت جاری رکھیں گے اور قابض فورسز سے اپنی زمین کا قبضہ چھڑوائیں گے۔ حماس نے اسرائیلی حملے میں جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

یہ خبر پڑھیں : جنگ بندی کے باوجود مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس کی نمازیوں پر شیلنگ

غیر ملکی خبررساں ادارے نے ایک مقامی رپورٹر کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں جانب حملوں کے نتیجے میں کم سے کم 3 اموات ہوئی ہیں جب کہ آتشی غبارے اسرائیلی کھیتوں پر گرے جس سے 12 مقامات پر آگ بھڑک اُٹھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : اسرائیل اور حماس گیارہ روز سے جاری جنگ بندی پر رضامند

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے 11 روز تک غزہ پر مسلسل بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے تاہم اردن نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے حماس اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے کروایا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔