تلخ کلامی پر شاہین آفریدی اور سرفراز کی سرزنش

ریفری کا سخت ایکشن سے گریز،مستقبل میں محتاط رویہ اپنانے کی ہدایت


Saleem Khaliq June 17, 2021
باؤنسر لگنے پر حال تو پوچھ لیتے، کپتان نے صرف یہی کہا تھا،گلیڈی ایٹرز

میچ ریفری نے شاہین شاہ آفریدی اور سرفراز احمد کو تلخ کلامی پر سرزنش کر کے چھوڑ دیا

ابوظبی کی سخت گرمی کا اثر کھلاڑیوں کے رویے پر بھی پڑنے لگا ہے، ابھی محمد عامر اور افتخار احمد کی تلخ کلامی کا واقعہ تازہ تھا کہ نیا تنازع سامنے آ گیا، منگل کو میچ میں لاہور قلندرز کے پیسر شاہین شاہ آفریدی نے سرفراز احمد کو باؤنسر کیا جس پر گیند ہیلمٹ پر لگی، جب رن لے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان بولنگ اینڈ پر گئے تو انھوں نے پیسر سے کچھ کہا جس پر انھوں نے مشتعل ہو کر جواب دیا، ایسے میں دیگر کھلاڑیوں اور امپائر نے سامنے آ کر معاملہ ختم کرایا۔

ذرائع کے مطابق میچ ختم ہونے پر شاہین شاہ آفریدی اور دونوں منیجرز ریفری محمد انیس کے سامنے پیش ہوئے، شاہین نے موقف اختیار کیا کہ سرفراز نے باؤنسر لگنے کے بعد معافی مانگنے کا کہا جس پر میں نے جواب دیا کہ کس بات کی معافی مانگوں، بطور بولر میں باؤنسرز کرنے کا حق رکھتا ہوں، جب ان سے پوچھا گیا کہ حارث سے کیوں باآواز بلند سرفراز کو نشانہ بنانے کا کہا توپیسر نے جواب دیا کہ بطور نائب کپتان میں بولرز کو ہدایت دے سکتا ہوں۔ ریفری نے شاہین اور سرفراز کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے گریز کرتے ہوئے محض تنبیہ کر کے چھوڑ دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذرائع کہتے ہیں کہ سرفراز نے شاہین سے محض اتنا کہا تھا کہ ''گیند لگی تھی حال تو پوچھ لیتے'' اس پر پیسر غصے میں آ گئے اور جواب دیا کہ ''میں کیوں پوچھوں''۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت گراؤنڈ میں ہی موجود کراچی کنگز کے بابر اعظم بھی سرفراز کے پاس گئے اور واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ دونوں کھلاڑیوں کو میچ ریفری کی جانب سے وارننگ جاری کر دی گئی ہے، ساتھ ہی مستقبل میں محتاط رویہ اپنانے کی بھی ہدایت دے دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں