اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے عثمان خواجہ 105، کولن منرو 48، برینڈن کنگ 46 اور آصف علی نے 43 رنز بنائے


ویب ڈیسک June 17, 2021
اسلام آباد یونائیٹڈ کے عاقف جاوید نے 3 اور حسین طلعت نے 2 وکٹیں حاصل کیں

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 15 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں عثمان خواجہ کی سنچری کی بدولت پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 247 رنز بنادیا جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 6 وکٹ کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔



پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازئی پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد امام الحق بھی صرف 7 رنز بناسکے تاہم کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی وہ 32 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک نے نصف سنچری اسکور کی وہ 36 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ رومن پاول 14 اور شیرفن رتھرفورڈ 8 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔



عمید آصف 20 اور وہاب ریاض 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے عاقف جاوید نے 3، حسین طلعت نے 2 اور ایک وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ اور کولن منرو نے ٹیم کو 98 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، منرو 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔



آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 14 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ عثمان خواجہ نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی وہ 56 گیندوں پر 105 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثمین گل اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔