لاکھوں روپے چوری کے الزام میں دو بھارتی اداکارائیں گرفتار

دونوں اداکارائیں بھارتی ٹی وی کے مقبول شوز ’’کرائم پیٹرول‘‘ اور ’’ساودھان انڈیا‘‘ میں کام کرچکی ہیں


ویب ڈیسک June 18, 2021
اداکاروؤں کے قبضے سے 50 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں ، فوٹو بھارتی میڈیا

ممبئی پولیس نے لاکھوں روپے چوری کرنے کے الزام میں بھارتی ٹی وی کی دو اداکاراؤں کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے بھارتی ٹی وی کی دو اداکاروؤں کو لاکھوں روپے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ اداکاراؤں کے خلاف ممبئی کے آرے پولیس اسٹیشن میں کیس رجسٹرڈ کیا گیا تھا جس کے مطابق دونوں اداکاراؤں نے اس گھر میں چوری کی جہاں وہ بطور کرایہ دار مقیم تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکارائیں حال ہی میں آرے کالونی کے رائل پام علاقے کے ایک گھر میں بطور کرایہ دار منتقل ہوئی تھیں اور انہوں نے اس گھر میں پہلے سے بطور کرایہ دار مقیم ایک اور خاتون کے 3 لاکھ 20 ہزار روپے چرائے۔

متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ دونوں اداکاراؤں 25 سالہ سریندرا لال سری واستو اور 19 سالہ موسینا مختار شیخ نے لاکر سے ان کے پیسے چرائے۔ دوران تفتیش پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرہ میں دونوں اداکاراؤں کو پیسوں کے بنڈل کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے جرم کا اقرار بھی کرلیا۔

سینئر پولیس انسپیکٹر نوتن پوار کے مطابق اداکاراؤں کے قبضے سے 50 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں جب کہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ دونوں اداکارائیں بھارتی ٹی وی کے مقبول شوز ''کرائم پیٹرول'' اور ''ساودھان انڈیا'' میں کام کرچکی ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں متعدد ویب سیریز میں بھی نظر آئی تھیں۔ تاہم کورونا لاک ڈاؤن کے باعث انہیں دیگر فنکاروں کی طرح مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔