فاقہ نہ کیجیے کم کھائیے زیادہ وزن گھٹائیے

تحقیق کے دوران فاقہ نہ کرتے ہوئے کم کھانے والوں کے وزن میں ہونے والی کمی بھی سب سے نمایاں دیکھی گئی

تحقیق کے دوران فاقہ نہ کرتے ہوئے کم کھانے والوں کے وزن میں ہونے والی کمی بھی سب سے نمایاں دیکھی گئی۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

QUETTA:
اگر آپ اپنا وزن گھٹانا چاہتے ہیں تو پورا دن فاقہ کرنے سے بہتر ہے کہ کم کھائیے۔ یہ خلاصہ ہے برطانیہ میں ہونے والی نئی تحقیق کا، جس کے نتائج ''سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن'' نامی ریسرچ جرنل کے تازہ شمارے میں شائع ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق باتھ یونیورسٹی، برطانیہ میں کی گئی اس تحقیق کےلیے 36 صحت مند افراد بھرتی کیے گئے جنہیں تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔

ہر گروپ سے چار ہفتوں تک کچھ خاص غذائی معمولات کی پابندی کروائی گئی:

  • پہلے گروپ نے روزانہ مجموعی طور پر صرف 1500 کیلوریز والی غذا استعمال کی لیکن کسی بھی دن کھانے کا ناغہ نہیں کیا۔

  • دوسرے گروپ نے ''ایک دن فاقہ، ایک دن کھانا'' کے معمول پر عمل کرتے ہوئے اپنے ''کھانے والے دن'' میں 3000 کیلوریز والی غذا استعمال کی۔

  • اگرچہ تیسرے گروپ سے بھی ''ایک دن فاقہ، ایک دن کھانا'' پر عمل کروایا گیا لیکن انہیں کھانے والے دن میں 4000 کیلوریز والی غذا استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔



چار ہفتے بعد جب ان تینوں گروپوں کا موازنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ تیسرے گروپ کے (4000 کیلوریز لینے والے) رضاکاروں کا وزن جوں کا توں رہا؛ دوسرے (دو دن میں 3000 کیلوریز لینے والے) گروپ کے وزن میں اوسطاً 3.5 پونڈ کمی واقع ہوئی؛ جبکہ وزن میں سب سے نمایاں کمی پہلے (روزانہ 1500 کیلوریز لینے والے) گروپ کے وزن میں ہوئی جو اوسطاً 4.1 پونڈ تھی۔

واضح رہے کہ طبّی اور غذائی ماہرین میں آج تک یہ بحث جاری ہے کہ وزن کم کرنے کےلیے کم کھانا بہتر ہے یا پھر ہفتے میں دو سے تین دن فاقہ کرنا زیادہ مفید ہے۔

مختلف تحقیقات سے الگ الگ نتائج سامنے آئے ہیں جن کی وجہ سے یہ سوال ابھی تک جواب طلب ہے۔ باتھ یونیورسٹی کی مذکورہ تحقیق اسی گتھی کو سلجھانے کی ایک اور کوشش ہے۔

اس مطالعے میں سب سے اہم بات یہ معلوم ہوئی کہ ''ایک دن فاقہ، ایک دن کھانا'' پر عمل کرنے والے رضاکاروں میں وزن کی 50 فیصد کمی اس لیے ہوئی تھی کیونکہ ان کے پٹھوں کا گوشت کم ہوگیا تھا۔

یہ بلاشبہ ایک تشویشناک پہلو ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ چوبیس گھنٹوں تک بھوکا رہنے کا فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہے۔
Load Next Story