ہرن کا بچہ اپنے ’’محسن کتے‘‘ کا شکریہ ادا کرنے گھر پہنچ گیا

اپنی جان بچانے والے کتے کو دیکھتے ہی ہرن کا بچہ دوڑا آیا اور اپنی چھوٹی سی زبان نکال کر اسے چاٹنے لگا


ویب ڈیسک June 19, 2021
اپنی جان بچانے والے کتے کو دیکھتے ہی ہرن کا بچہ دوڑا آیا اور اپنی چھوٹی سی زبان نکال کر اسے چاٹنے لگا۔ (تصاویر: فیس بُک)

ایک کتے نے تالاب میں ڈوبتے ہوئے ہرن کے بچے کی جان بچائی اور اسے زندہ سلامت خشکی پر لے آیا۔ چند دن بعد ہرن کا بچہ اپنی جان بچانے والے کتے کا شکریہ ادا کرنے اس کے گھر پہنچ گیا۔

اگر آپ کو یہ کسی کہانی کا پلاٹ محسوس ہورہا ہے تو اپنی غلط فہمی دور کرلیجیے کیونکہ یہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والا ایک سچا واقعہ ہے جو فیس بُک صارف رالف ڈارن نے تصاویر اور ویڈیوز سمیت پوسٹ کیا ہے۔



امریکی ریاست ورجینیا کے ایک دور افتادہ علاقے کے رہائشی رالف ڈارن نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ان کا پالتو کتا ''ہارلے'' ایک دن غائب ہوگیا اور بہت دیر تک نہیں ملا۔

اسے ڈھونڈتے ہوئے وہ قریبی جنگل کی طرف چلے گئے جہاں ایک تالاب میں انہیں ''ہارلے'' تیرتا ہوا نظر آیا۔ جب غور سے دیکھا تو معلوم ہوا کہ اس نے اپنے جبڑے میں ہرن کے ایک چھوٹے سے بچے کو پکڑا ہوا ہے اور تیرتا ہوا تالاب کے کنارے کی سمت بڑھ رہا ہے۔



ڈارن نے یہ سارا منظر تصویروں اور ویڈیوز کی شکل میں محفوظ کرنا شروع کردیا۔

کچھ ہی دیر بعد ہارلے اس ہرن کے بچے کو کنارے پر لے آیا اور خشکی پر چھوڑ کر زبان سے چاٹا، جیسے کہ اسے پیار کررہا ہو۔

اس کے بعد ہرن کا بچہ بھاگتا ہوا درختوں میں کہیں غائب ہوگیا اور ڈارن اپنے کتے کو لے کر گھر واپس آگئے۔

چند دن بعد وہ گھر میں تھے کہ انہوں نے ہارلے کو بے چین ہو کر ایک سے دوسری کھڑکی تک جاتے ہوئے دیکھا، جیسے وہ گھر سے باہر جانا چاہ رہا ہو۔

ڈارن نے دروازہ کھولا تو ہارلے دوڑتا ہوا درختوں کی طرف چلا گیا جہاں سے کسی چھوٹے جانور کے ممیانے کی آوازیں آرہی تھیں۔ ڈارن بھی اپنا موبائل فون لے کر اس کے پیچھے پیچھے چل دیئے۔

درختوں کے قریب ہرن کا وہی بچہ موجود تھا جسے ہارلے نے کچھ روز پہلے ڈوبنے سے بچایا تھا۔

ہارلے کو دیکھتے ہی ہرن کا بچہ اس کے پاس دوڑا آیا اور اپنی چھوٹی سی زبان نکال کر ہارلے کو چاٹنے لگا۔ ہارلے نے گردن جھکائی تو ہرن کا بچہ اپنی ننھی سی تھوتھنی اس کی ناک سے رگڑنے لگا، جیسے اس کا شکریہ ادا کررہا ہو۔

ہرن کا بچہ کچھ دیر اپنے ''محسن کتے'' کے ساتھ رہا اور پھر جنگل میں واپس چلا گیا۔ دوسری طرف ہارلے بھی سکون میں آگیا اور ڈارن کے ساتھ گھر واپس آگیا۔

یہ مناظر بھی ڈارن نے اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کرلیے اور اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ کردیئے۔

اس پوسٹ کو اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ مرتبہ شیئر کرایا جاچکا ہے اور سوشل میڈیا صارفین نے جانوروں میں ایسی غیرمعمولی محبت اور شکر گزاری کے انداز کو خوب سراہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |