ودیا بالن بالی ووڈ میں مردوں کی حکمرانی کیخلاف بول اٹھیں

مجھے صنفی امتیاز کا آج بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، اداکارہ

مجھے صنفی امتیاز کا آج بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
اداکارہ ودیا بالن نے بالی ووڈ میں مردوں کی حکمرانی کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ آج بھی مجھے صنفی امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بھارتی اداکارہ ودیا بالن کا شمار بالی ووڈ کی بولڈ اداکاراؤں میں ہوتا ہے، ودیا بالن نے اپنے کیرئیر کا آغاز سنجے دت کے ساتھ فلم 'پرینییتی' سے کیا جس پر انہیں فلم فئیر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تاہم متعدد فلمز میں ان کے متنازع کردار کے باعث انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے لیکن ودیا بالن نے ہر طرح کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے تمام کرداروں کو بخوبی نبھایا۔


ایک انٹریو میں ودیابالن کا کہنا تھا کہ اداکاری کے آغاز پر مجھے صنفی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا تھا، میرا خیال ہے کہ ہم روزانہ ہی ایسی صورتحال سے گزرتے ہیں، صرف مردوں کی طرف سے نہیں بلکہ خود خواتین کی جانب سے دوسری خواتین کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، میرے خیال سے مردانہ حاکمیت کی ذہنیت رکھنے والے افراد کے لیے خواتین پر اپنی اجارہ داری کو قائم رکھنا انتہائی ضروری ہے اور ہم سب بھی اس عمل میں گھرے ہوئے ہیں، اسی وجہ سے اس سوچ سے آسانی سے چھٹکارہ پانا بہت مشکل ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے صنفی امتیاز کا آج بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے میں اکتاہٹ کا شکار ہوجاتی ہوں تاہم پہلے کے مقابلے میں یہ کم ہے، میں روزانہ اپنے ارد گرد دیکھتی ہوں کہ لوگ صنفی امتیاز کا سامنا کررہے ہوتے ہیں تاہم بہت سے لوگوں کو تو یہ بھی نہیں معلوم ہوتا کہ وہ کچھ غلط کہہ رہے ہیں۔

ودیابالن نے مزید کہا کہ جب اداکاری کا آغاز کیا تو مجھے یہاں تک کہا گیا تھا کہ فلم میں آپ کے مقابل اداکار نے شوٹنگ کے لیے تاریخ دیدی ہیں لہذا اب آپ کو اسی حساب سے اپنے کام کو مینج کرنا پڑے گا۔
Load Next Story