خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

ناشتہ کرنا
علی اکبر، کراچی
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ننھیال گئی ہوئی ہوں اور وہاں میری ممانی سب بچوں کو ناشتہ دے رہی ہوتی ہیں۔ گھر کے سب بچے اور نوجوان ان کے گرد کچن میں ہی جمع ہوتے ہیں۔ جب میری باری آتی ہے تو میں دیکھتی ہوں کہ مجھے باقی کزنز کے برعکس ناشتے میں پنیر اور شہد ملتا ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور مزے سے کھاتی ہوں۔

تعبیر؛ اچھا خواب ہے اور کسی خوشخبری و آسانی پہ دلیل کرتا ہے۔ یہ تعلیمی امور سے متعلقہ ہو سکتی ہے یا گھریلو اور کاروباری زندگی سے بھی۔ اس سے رزق میں بھی اضافہ ہوگا اور مال ومسائل میں بھی برکت ہوگی اور ظاہری سی بات ہے کہ اس سے گھر میں بھی آرام وسکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ اداکیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

کتے کا حملہ
جاوید خان، ڈیرہ غازی خان
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں بازار میں پھر رہا ہوں اور کہیں سے ایک کتا دوڑتا ہوا آتا ہے اور میری طرف لپکتا ہے۔ میں تیزی سے بچنے کی کوشش کرتا ہوں مگر وہ بہت تیزی سے میری طرف بڑھتا ہے اور میری ٹانگ پہ کاٹ لیتا ہے۔ میں چھڑانے کی کوشش کرتا ہوں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی دشمن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب ہو جائے جس کی وجہ سے گھریلو کاروباری یا تعلیمی معاملات میں کوئی رکاوٹ آپ کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

کام پر جانے کیلئے تیاری
کائنات، لاہور
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے جلدی جلدی تیار ہو رہی ہوں، ساتھ ہی دل میں یہ بھی سوچ رہی ہوں کہ میں نے بہت دیر کر دی ہے ۔ جب بال بنانے کے لئے بیٹھتی ہوں تو مجھے بال سلجھانے میں کافی مشکل پیش آتی ہے۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی ناگہانی آفت یا پریشانی سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ خاص طور پہ گھریلو معاملات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔گھریلو معاملات کو کبھی حد سے بڑھنے نہ دیں۔ خاص طور پہ اپنے میاں کے ساتھ غیر ضروری بحث سے گریز کریں بلکہ ان کو جو بھی کھانے یا پینے کو دیں اس پہ ایک مرتبہ یا ودود اور ایک مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھ کے پھونک مار کر دیا کریں۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں ۔

دوستوں کے ساتھ مقابلہ
جاوید ، گوجرانوالہ
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کالج کے ٹرپ کے ساتھ کہیں گئی ہوئی ہوں اور وہاں اپنی دوستوں کے ساتھ مل کے درخت پہ چڑھنے کا مقابلہ کرتی ہوں کہ کون جلدی درخت پہ چڑھتا ہے، ہم تین دوستیں تیزی سے درخت پہ چڑھتی ہیں۔ میں سب سے پہلے اوپر مطلوبہ مقام تک پہنچ جاتی ہوں۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو کہ خوشی پہ دلیل کرتا ہے۔ اس کا تعلق تعلیمی معاملات اور گھریلو دونوں سے ہو سکتا ہے۔ اللہ کی مہربانی سے عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

بکری کا دودھ
سدرہ اصغر ، قصور
خواب : میں نے دیکھا کہ میری بہن کی سہیلی نے ہمارے گھر بہت بڑی سی بالٹی میں بکری کا دودھ بھیجا ہے جس پہ میری والدہ خفا ہو رہی ہیں کہ ہم اتنے زیادہ دودھ کا کیا کریں مگر میرے نانا ابو ان کو سمجھاتے ہیں کہ اس کے بہت فائدے ہیں جس پہ میری امی خاموشی سے اس کو دیگچی میں ڈال دیتی ہیں مگر ہم سب بہن بھائی بہت خوش ہیں کہ جلدی سے امی ابال لیں تو ہم پی کے دیکھیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو گا ۔ علم حاصل کرنے کی جانب توجہ ہو گی اور ذھن میں بزرگی آئے گی ۔ گھر میں بھی آرام و سکون ملے گا ۔ اللہ کے گھر کی زیارت بھی ممکن ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ ممکن ھو سکے تو کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

قربانی کی تیاری
علی حسن، سکھر
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر میں بقر عید کے لئے جانور قربان کرنے کے لئے چھری لا کر رکھتا ہوں اور باقی کی چیزیں بھی اکٹھی کر کے قربانی کے لئے کام شروع کرتا ہوں مگر کیا دیکھتا ہوں کہ میری چھری بہت زنگ آلود ہوتی ہے اور اس قابل بھی نہیں ہوتی کہ سبزی تک کاٹ سکے۔ جانور کٹنا تو ناممکن سی بات تھی۔ یہ دیکھ کہ میں بہت رنجیدہ و پریشان ہوتا ہوں اور اٹھ کر گھر کے اندر چلا جاتا ہوں۔

تعبیر : آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اب اس کا تعلق گھریلو تعلیمی یا کاروباری دنیا سے بھی ہو سکتا ہے۔ آپ چلتے پھرتے وضو بے وضو یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں، ممکن ہو سکے تو روزانہ حسب توفیق صدقہ و خیرات کریں یا مالی حالات اس کی اجازت نہیں دیتے تو چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالنے کا اہتمام کریں۔

بانسری بجانے کی کوشش
محمد علی، فیصل آباد
خواب : چند روز پہلے ایک عجیب سا خواب دیکھا کہ میں کسی پتھر کے اوپر بیٹھا ہوں اور بانسری بجانے کی کوشش کر رہا ہوں ۔ اس میں سے بہت ہی سریلی آوازیں آتی ہیں اور میں خود بھی بے خود ہو کر سنتا رھتا ہوں۔

تعبیر: اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی اندیشہ یا پریشانی آپ کے ذہن پہ سوار رہے گی جس کو لے کر آپ پریشان رہیں گے۔ اس کا تعلق کاروباری معاملات سے بھی ہو سکتا ہے اور تعلیمی بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ آپ کے لئے دعا کروا دی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں