سوشل میڈیا کی دنیا میں بی بیوں کی بستیاں

کچھ سماجی ویب سائٹس جو خواتین کے لیے مخصوص ہیں


January 21, 2014
ان سائٹس پر بچوں کی تربیت سے فیشن تک تمام نسوانی دل چسپیاں دستیاب۔ فوٹو : فائل

یوں تو خواتین کھیت کھلیانوں سے فیکٹریوں اور دفاتر تک زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کر رہی ہیں۔

اسی طرح تقریبات سے سوشل ویب سائٹس تک خواتین مردوں کے ساتھ سماجی تعلق سے مربوط ہیں، لیکن فطری طور پر ''بی بیاں'' اپنی ایک الگ دنیا بھی چاہتی ہیں، سو ان کی اس فطرت کا اظہار خواتین کی تنظیموں سے ''مینا بازار'' تک مختلف صورتوں میں ہوتا رہا ہے۔ یہاں ہم اپنی خاتون قارئین کے لیے کچھ ایسی سوشل ویب سائٹس کا تعارف پیش کر رہے ہیں جہاں خواتین اپنی ہم صنفوں کے ساتھ سماجی رابطے قائم کرتے ہوئے اپنی دل چسپی کی سرگرمیوں میں حصہ لی سکتی ہیں۔

iVillage
1995 سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرنے والی iVillage خواتین کی ویب سائٹس میں قدیم ترین ہونے کا اعزاز رکھتی ہے۔ یہ سائٹ خواتین کے لیے صحت، زچگی، حُسن، اسٹائل اور دیگر حوالوں سے مواد اور معلومات تک رسائی کا ایک بہت اچھا پلیٹ فارم ہے۔



اس سائٹ پر یوزرز اپنا اکاؤنٹ بنا سکتی ہیں، اس کے علاوہ اپنا بلاگ اور گروپ بھی تشکیل دے سکتی ہیں۔ اس سائٹ پر تصاویر اور وڈیوز پوسٹ اور اپنی دوستوں کو پیغامات بھیجے جاسکتے ہیں۔iVillage پر مختلف موضوعات سے متعلق ہزاروں کی تعداد میں میسیجز بورڈ موجود ہیں، جہاں جاکر آپ اپنے خیالات کا اظہار کرسکتی ہیں۔

خواتین کی اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ پر شادی سے متعلق بھی ایک خصوصی سیکشن موجود ہے، جہاں آپ دلہنوں کے فیشن، اسٹائل، شادی کی تقریب کے کھانوں اور تقریب کی منصوبہ بندی کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتی ہیں۔

اس سب کے ساتھ یہ سائٹ اپنی یوزرز کو آن لائن شاپنگ اور آن لائن کورسز کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔

CafeMom
''CafeMom'' بچوں کی پرورش اور نگہ داشت کے حوالے سے ماؤں کے لیے بنائی گئی سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ہے۔ یہ منفرد سائٹ 2006 میں وجود میں آئی، جس کے بعد سے اس نے بچوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے ماؤں کی راہ نمائی میں شان دار کردار ادا کیا ہے۔ اس سائٹ سے وابستہ خواتین کی تعداد ایک ملین تک جاپہنچی ہے، جب کہ ہر مہینے چھے ملین یوزر اس سائٹ کا وزٹ کرتے ہیں۔


ماؤں کے امور سے متعلق اس سائٹ پر 35 ہزار گروپ موجود ہیں اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان گروپس میں زچگی، کھانے کی ترکیبوں اور شادی سے متعلق گروپ شامل ہیں۔

اس سائٹ سے وابستہ ہوکر آپ اس پر اپنا جنرل تخلیق کرسکتی ہیں اور اپنی کہانیاں دیگر ممبرز کے ساتھ شیئر کرسکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی آپ بہ طور یوزر مختلف پولز اور سرویز میں بھی حصہ لے سکتی ہیں اور دیگر ممبرز کے ساتھ تصاویر شیئر کرسکتی ہیں۔

اس سائٹ کا ایک سیکشن رکن ماؤں کی سال گرہ کی تاریخ ظاہر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین، سائٹ سے وابستہ ہونے والی نئی ارکان، ٹاپ کنٹری بیوٹرز، فوٹو آف دی ڈے، تھیم آف دی ڈے، پوسٹ آف دی ڈے اورگروپ آف دی ڈے کے اعلانات بھی اس سیکشن کا حصہ ہیں۔

Glam
اس سائٹ پر موجود مختلف سیکشنز میں آپ فیشن، بیوٹی، سیلیبیریٹیز، انٹرٹینمینٹ، طرزِ حیات، صحت اور شاپنگ کے حوالے سے معلومات سے مستفید ہوسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں وڈیوز بھی شیئر کی جاسکتی ہیں اور معلوماتِ عامہ کے مقابلوں میں حصہ لیا جاسکتا ہے۔ اس سائٹ پر مختلف نوعیت کے بلاگز کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔

یہ سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ اپنے یوزرز کو پروفائل بنانے، دوسرے یوزرز کا پروفائل چیک کرنے اور مختلف موضوعات پر رائے کے اظہار کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

Parents Connect
''پیرنٹس کنکٹ'' کے نام سے بنائی جانے والی یہ سائٹ ماؤں کو بچوں کی پرورش کے امور سے متعلق راہ نمائی فراہم کرنے کے لیے مخصوص ہے۔ اس سائٹ پر بچوں کی نگہہ داشت کے حوالے سے روزانہ ٹپس فراہم کی جاتی ہیں، جن میں بچوں کی غذا، ان کی سرگرمیوں اور بچوں سے متعلق پروڈکٹس کے بارے میں معلومات اور اطفال کی دیکھ بھال کی بابت دیگر آگاہی شامل ہے۔

اس سائٹ پر آپ بچوں کی نگہ داشت سے متعلق اپنی ٹپس، بچوں کی خوراک کی ترکیبیں، مقامی سرگرمیوں کے بارے میں خبریں، تصاویر اور کہانیاں شیئر کرسکتی ہیں اور دیگر پوسٹ پر کمنٹ کرنے کے ساتھ انھیں ''ریٹ'' بھی دے سکتی ہیں۔

Kaboose
یہ سائٹ بھی گھریلو امور اور بچوں کی پرورش سے متعلق ہے، جس پر بچوں کی نگہ داشت کے امور سے متعلق معلومات کے علاوہ زچگی اور صحت سے متعلق ٹپس اور کھانے کی ترکیبیں دست یاب ہیں۔
اس سائٹ پر ''صرف ماؤں کے لیے'' کے زیرعنوان ایک سیکشن قائم ہے، جس میں ماؤں کے امور کے بارے میں معلومات ملتی ہیں۔ اس سائٹ پر یوزر اپنا پروفائل بناسکتی ہیں، بلاگ بناسکتی ہیں، ڈسکیشن فورم سے وابستہ ہوسکتی ہیں اور دیگر ممبرز سے تصاویر شیئر کرسکتی ہیں۔

TeamSugar
یہ نوجوان خواتین کی سائٹ ہے، جہاں لڑکیاں تازہ ترین دل چسپ خبروں اور گیمز پر تبادلۂ خیال کرسکتی ہیں اور فیشن سے متعلق ٹپس، بیوٹی سیکرٹس، کھانے کی ترکیبیں، تصاویر اور وڈیوز شیئر کرسکتی ہیں۔
اس سائٹ پر سیلیبیریٹیز، فیشن، اسٹائل، انٹرٹینمینٹ، نیوز، سیاست، کیریر، صحت اور فٹنس، خوراک، ٹیکنالوجی، لطائف، شاپنگ، شادی بیاہ اور دیگر موضوعات پر مختلف سیکشنز موجود ہیں۔
اس سائٹ پر یوزرز اپنا بلاگ اور ہوم پیج بھی بناسکتی ہیں اور دیگر یوزرز سے چیٹنگ کرسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس مختلف پوسٹس پر کمنٹ دیے جاسکتے ہیں، گروپ تشکیل دیے جاسکتے ہیں اور دیگر سرگرمیاں بھی جاسکتی ہیں۔

ClubMom
یہ سائٹ 1999 سے قائم ہے۔ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں مائیں دوسری ماؤں سے رابطے میں رہ سکتی ہیں۔ اس سائٹ پر مائیں دوسری ماؤں سے بچوں کی صحت، تربیت اور ان سے متعلق دیگر امور کی بابت سوال کرسکتی ہیں اور جواب حاصل کرسکتی ہیں۔ ان جوابوں پر کمنٹ کیے جاسکتے ہیں اور ان کی ریٹنگ بھی ہوتی ہے۔

ClubMom موم میں زچگی سے ٹین ایجرز اور کھانا پکانے سے تعلقات تک مختلف موضوعات پر یوزرز تبادلۂ خیال کر سکتی ہیں۔ اس سائٹ سے تعلق جاننے والی خواتین تصاویر شیئر کرسکتی ہیں اور انعامات حاصل کرسکتی ہیں۔

اس سائٹ پر موجود ''کلب مام ریوارڈز پروگرام'' ایک پُرکشش سلسلہ ہے، جہاں مائیں پوائنٹس لے کر کلب لائن آن لائن مال سے مختلف اشیاء حاصل کرسکتی ہیں۔

Maya's Mom
''Maya's Mom'' بھی ایک ایسی سائٹ ہے جہاں مائیں ایک دوسرے سے رابطے میں رہ سکتی ہیں اور اپنے معاملات اور مسائل پر باہم تبادلۂ خیال کر سکتی ہیں۔



اس سائٹ کی یوزرز کے لیے مختلف گروپس سے وابستہ ہونے اور اپنا گروپ بنانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ یوزرز ایک دوسرے سے مشورے بھی لے سکتی ہیں۔ اس سائٹ سے وابستہ خواتین سائٹ پر اپنے جنرلز بناسکتی اور اپنے بچوں کی تصاویر پوسٹ کرسکتی ہیں۔

Minti
یہ سائٹ بھی بچوں کی پرورش کے حوالے سے والدین کی مددگار ہے، جہاں مائیں ایک دوسرے سے رابطے میں رہتے ہوئے اپنی الجھنیں سلجھا سکتی ہیں۔ اس سائٹ پر یوزرز مضامین کی صورت میں تحریری مواد دیتی ہیں، جس پر دیگر یوزر تبصرے کرتے ہیں اور ان مضامین کی ریٹنگ میں حصہ لیتے ہیں۔

اس سائٹ پر جن موضوعات کے سیکشن موجود ہیں ان میں حمل کا دور، زچگی کے بعد کا دور، شیرخوار بچے، کم سن بچے، اسکولنگ، جُڑواں بچے اور ٹین ایجرز سے متعلق سیکشن موجود ہیں۔
سائٹ پر رجسٹریشن کے بعد آپ کو اپنا فیملی پیج بلاگ اور فوٹو البم کی سہولت کے ساتھ مل جاتا ہے۔ ''منٹی'' پر رینکنگ سسٹم بھی بنایا گیا ہے۔ اس سائٹ پر 600 سے زیادہ انٹرسٹ گروپ موجود ہیں، جن میں سے اپنی دل چسپی کا حامل کوئی بھی گروپ آپ جوائن کرسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں