کورونا ویکسین کی قلت کی وجہ سے پنجاب اور سندھ میں ویکسینیشن سینٹر بند

لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات

15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے، اسد عمر فوٹو: فائل

کورونا ویکسین کی قلت کے باعث پنجاب اور سندھ میں ویکسینیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کردیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں کورونا ویکسی نیشن کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھر میں قائم خصوصی ویکسی نیشن سینٹرز اور اسپتالوں میں کورونا ویکسین کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے، جس کے باعث ایک روز کے لیے ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا ہے۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے ایک ہفتے بعد آنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

سندھ حکومت کی ٹاسک فورس نے بھی گزشتہ روز اجلاس میں ہی صوبے بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ایک روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ روسی ویکسین 'اسپوتنک وی' جون کے آخری ہفتے میں آجائے گی، اس کے علاوہ 21 جون کو سائینو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں، 23 جون کو کینسائینو کی 7 لاکھ اور پاک ویک کی 4 لاکھ خوراکیں صوبے کو مل جائیں گی۔


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ویکسین لگوانے کے لیے آنے والے شہریوں کو واپس بھیجا جانے لگا ہے۔

دوسری جانب این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ دو دنوں سے ملک کے بڑے ویکسینیشن سینٹرز میں ویکسین کی قلت کی خبریں آ رہی ہیں۔ 15 لاکھ ویکسین کی کھیپ آج پہنچ رہی ہے جبکہ اگلے 10 روز میں ملک میں مزید 50 لاکھ کورونا ویکسین کی خوراکیں پہنچ جائیں گی۔

اسد عمر نے کہا کہ 12 سے 18 جون کے دوران ملک بھر میں 23 لاکھ شہریوں کو ویکسین لگائی گئی، اس طرح یومیہ تین لاکھ 32 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن کی گئی۔ اگلے ہفتے پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگا۔
Load Next Story