گورنر پنجاب کا پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1538 منصوبوں کا اعلان

آب پاک کے منصوبوں میں کسی کو ایک روپے کا بھی کمیشن لینے اور دینے نہیں دوں گا، چوہدری سرور

وزیراعظم عمران خان کا کوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈا نہیں، گورنر پنجاب فوٹو: فائل

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے 1538 منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان منصوبوں پر 5500 ملین روپے خرچ ہوں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لاہور میں صوبائی وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست مزاری اور مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت صوبائی وزراء نعمان لنگڑ یال، فیاض الحسن چوہان، عنصر مجید نیازی، اجمل چیمہ، ظہیر الدین، میاں محمود الرشید، حسین جہانیاں گردیزی، ڈاکٹر اختر ملک اور میاں خالد محمود نے شرکت کی۔


چیئرمین پنجاب آب پاک اتھارٹی ڈاکٹر شکیل نے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کو منصوبوں پر بریفنگ دی، ڈپٹی اسپیکر، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کی کار کردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے پنجاب آب پاک اتھارٹی کے ایک ہزار 538 منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے 9 ڈویژن میں ان منصوبوں پر 5500 ملین روپے خرچ ہوں گے۔

چوہدری سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی ذاتی اور سیاسی ایجنڈا نہیں وہ ملکی ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ مخالفین سیاسی مجبوری کی وجہ سے حکومتی منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ہم ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر یقین نہیں رکھتے، مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کریں گے، صوبے بھر میں بغیر کسی سیاسی تفریق کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کریں گے،اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی کے حلقوں میں بھی عوام کو صاف پانی دیں گے، آب پاک کے منصوبوں میں کسی کو ایک روپے کا بھی کمیشن لینے اور دینے نہیں دوں گا۔
Load Next Story