کوئی مانے یا نہ مانے سندھ میں بہترین کام ہوئے ہیں بلاول بھٹو زرداری

بے نظیر بھٹو کی جدوجہد، قربانی اور فلسفہ کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک June 21, 2021
بے نظیر بھٹو نے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیے ہم آہنگی پیدا کی، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرم ین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی مانے یا نہ مانے سندھ میں بہترین کام ہوئے ہیں۔

کراچی میں بے نظیر بھجٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں جمہوری پاکستان میں محنت کرنے والے کو پھل دینا ہے، ملک میں غریب سے روٹی ،کپڑا اور مکان چھیننا جارہا ہے، ہمیں 1973کے آئین، اپنے انسانی، جمہوری اور معاشی حقوق کا دفاع کرنا ہے، ہم بینظیر بھٹو کے نظریے پر حملہ کرنے والوں کے اقدام کو ناکام بنائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سندھ پر معاشی حملے ہورہے ہیں، اسے وسائل نہیں دئیے جارہے، وفاقی حکومت ایک صوبے کو نشانہ بنا کراس کے ہر اسکیم کو ختم کررہی ہے، وعدہ کیا گیا تھا کہ کراچی کے لئے وفاق اور صوبہ مل کر کام کرے گا، کراچی کے لئے ایک کھرب روپے پیکیج کی بات ہوئی مگر ملا کچھ نہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنا کیس عوام کے سامنے رکھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 60 سال بعد پانی کی سب سے بڑی کمی کا سامنا کرنا پڑا، حال ہی میں ارسا کے خلاف پانی کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے آواز اٹھائی، پیپلز پارٹی کے احتجاج کی وجہ سے وفاق کو اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنا پڑا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کوئی مانے یا نہ مانے سندھ میں بہترین کام ہوئے ہیں، سندھ میں باقی صوبوں کی نسبت زیادہ معاشی ترقی ہوئی مگر ہم واویلا نہیں کرتے، سندھ میں سب سے زیادہ کام پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کیا گیا، ہمارے دور میں کوئی سرکاری ملازم بےروزگا ر نہیں ہوا نہ ہوگا، اسٹیل مل سے 10 ہزار لوگوں کو بے روزگار کیا گیا، مزید بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل بے نظیر بھٹو کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے بے نظیر بھٹو نے آئین و پارلیمان کی بالادستی کے لیے ہم آہنگی پیدا کی، عوام دوست طرز حکمرانی کے لیے ادارے قائم کیئے، اور تعیلم، صحت و روزگار کے مواقع جیسی بنیادی حقوق تک پسماندہ طبقات کی رسائی کو یقینی بنایا۔ بے نظیر بھٹو نے حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، انہوں نے عوام کو ہمیشہ سب سے بڑھ کر امید دی۔ عوام دشمن قوتوں کی جانب سے بے نظیر بھٹو پر کیئے جانے والے مظالم پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو ایک تحریک کا نام ہے اور عوامی تحریکیں تاریخ کی مائیں ہوتی ہیں، نئے ادوار کو جنم دیتی ہیں،سال گذریں یا صدیاں، بینظیر بھٹو کی طویل جدوجہد، عظیم قربانی اور انسان دوست فلسفہ لازوال ہیں، بے نظیر بھٹو کی جدوجہد، قربانی اور فلسفے کی بدولت پاکستانی عوام کی حتمی فتح اب قریب ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پاکستان میں گورننس ڈی ریل، ادارے یرغمال اور عوام سفاک کارٹیلز کے رحم و کرم پر ہیں، ایسے بدترین حالات میں ہر محبِ وطن پاکستانی کا دخترِ مشرق کے عوام دوست ویژن کی کمی کو محسوس کرنا فطری ردعمل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |