مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا ورنہ رک جائے گا پرویز خٹک کی انوکھی منطق

ملک میں کوئی غربت نہیں، چیلنج کرتا ہوں میرے صوبے میں ایک غریب سامنے لاکر دکھائیں، وزیر دفاع


ویب ڈیسک June 21, 2021
ملک میں کوئی غربت نہیں، چیلنج کرتا ہوں میرے صوبے میں ایک غریب سامنے لاکر دکھائیں، وزیر دفاع

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا اور مہنگائی نہیں بڑھے گی تو ملک رک جائے گا۔

قومی اسمبلی میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے بجٹ بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خالی سرکاری نوکریوں سے روز گار نہیں ملتا، سب سرکاری نوکری کرنا چاہتے ہیں کوئی محنت نہیں کرنا چاہتا، ملک میں لوگوں کے پاس گاڑیاں ہیں اچھا رہن سہن ہے، بتائیں کہاں غربت ہے، ہمارے صوبے میں کوئی کچا گھر دکھا دیں، مہنگائی پوری دنیا میں ہو رہی ہے، غربت کا سارا ڈرامہ ہے، غریب غریب اپوزیشن کا ڈرامہ ہے۔

پرویز خٹک کے غربت سے متعلق جملوں پر حکومتی اراکین نے قہقہے لگائے۔ ایک حکومتی رکن نے لقمہ دیا کرک میں غربت ہے۔ پرویز خٹک ان سے بولے وہاں ہو گی ملک میں کوئی غربت نہیں، عمران خان کے صحیح فیصلوں سے ملک کی معیشت بہتر ہوگئی، میں چیلنج کرتا ہوں میرے صوبے میں ایک غریب سامنے لاکر دکھائیں۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے عجب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ہوگی تو ملک چلے گا، کارخانے چلیں گے اور زراعت ہوگی، مہنگائی نہیں بڑھے گی تو ملک رک جائے گا۔

پرویز خٹک نے مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کی 20 سالہ حکومت سے میری پانچ سال کی کارکردگی بہتر ہے، نواز شریف کی کارکردگی بہتر ہوتی تو عوام انہیں مسترد کرتی، شہباز شریف اپنے کاموں کی فہرست لے آئیں ہم سے موازنہ کر لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں