سونیا حسین نے خواجہ سرا کہہ کر میرا مذاق اڑایا متھیرا

سونیا حسین کا چہرہ خوبصورت لیکن روح بہت بدصورت ہے، متھیرا


ویب ڈیسک June 23, 2021
میں نے متھیرا سے فون پر بات کی ہے اور ان کی تمام غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں، سونیا حسین فوٹوفائل

اداکارہ متھیرا نے سونیا حسین کو بدصورت روح قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ ماضی میں پیش آنے والے برے تجربات کے بارے میں بتایا ہے۔

اداکارہ، میزبان اور وی جے متھیرا نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی طلاق کے بعد ہونے والے ڈپریشن اوراداکارہ سونیا حسین سے اپنے اختلافات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے لکھا میں جانتی ہوں شوبز میں بہت سے لوگ مجھے پسند نہیں کرتے کیونکہ جب کوئی مجھے کام دینا چاہتا ہے تو یہاں موجود لابی سسٹم اور بہت سے لوگ میرے خلاف کھڑے ہوجاتے ہیں لیکن یہ چیز مجھے اتنی زیادہ متاثر نہیں کرتی کیونکہ میں سوچتی ہوں جب اللہ کی ذات آپ کے لیے راستے بنائے تو کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔

متھیرا نے لکھا طلاق کے بعد میں ڈپریشن سے گزررہی تھی اور وہ میری زندگی میں ایسا وقت تھا جب مجھے خود سے نفرت ہوگئی تھی، میں خود کو بدلنا چاہتی تھی تاکہ میں بہتر محسوس کرسکوں۔ اس دوران مجھے لندن میں ہونے والے آئی پی پی اے ایوارڈز کا دعوت نامہ ملا جہاں میں دیگر فنکاروں کے ہمراہ گئی۔ جب ہم سب ایک بس میں سوار ہوکر ایوارڈز کی لوکیشن پر جارہے تھے میں بس میں سب سے الگ تھلگ بیٹھی ہوئی تھی وہاں مجھے پتہ چلا کہ مس سونیا حسین کو ایسا لگتا تھا کہ میں شی میل (خواجہ سرا) ہوں میں نے اس تبصرے پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔

متھیرا نے سونیا حسین کو جعلی (منافق) قراردیا اور کہا کیونکہ میں اس وقت ڈپریشن سے لڑرہی تھی خود سے نفرت کررہی تھی اور وہاں لوگ میرا مذا ق اڑارہے تھے جس نے مجھے توڑ کررکھ دیا۔ متھیرا نے بتایا کہ اس وقت صرف ایک شخص نے ان کی مدد کی اور وہ تھے اداکار اظفر رحمان۔ اداکارہ متھیرا نے کہا کہ کچھ خواتین ان جیسی ہوتی ہیں جن کے چہرے خوبصورت ہوتے ہیں لیکن ان کی روح بدصورت ہوتی ہے۔''

اس پوسٹ کے نیچے متھیرا نے اپنے کمنٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے سونیا حسین سے مخاطب ہوکر لکھا سونیا امید کرتی ہوں تمہیں یاد ہوگا کس طرح لندن میں آئی پی پی اے ایوارڈز کے لیے جاتے ہوئے تم نے مجھے پریشان کیا تھا اور مجھے 'شی میل' کہا تھا۔ تم ایک منافق لڑکی ہو۔ مجھے آج بھی یاد ہے میں رو رہی تھی اور اداکار اظفر رحمان میرے لیے کھڑے ہوئے تھے۔



متھیرا کی اس پوسٹ کے بعد لوگوں کی جانب سے سونیا حسین پر تنقید کی جانے لگی جس پر سونیا حسین نے متھیرا کے الزامات کے جواب میں ایک اسٹوری اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں لکھا ''میں نے متھیرا سے فون پر بات کی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ متھیرا کی تمام غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں۔

سونیا حسین نے مزید لکھا ڈپریشن ایک حقیقت ہے اور اس سے گزرنا بہت مشکل۔ میں نے سنا متھیرا اس سے اکیلے لڑرہی تھی۔ اگر کسی کوبھی اس بارے میں بات کرنی ہو تو میں صرف ایک کال کی دوری پر ہوں۔ بات کریں اور اپنے دل میں کچھ بھی نہ رکھیں۔ ایک صحت مند ذہن کی یہی نشانی ہے۔''

سونیا حسین نے کہا متھیرا میری بہن جیسی ہیں اور میں ہمیشہ آپ کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہوں۔ انہوں نے باقی تمام لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا میری سب سے درخواست ہے کہ دوسرے شخص کی کہانی سنے بغیر کسی پر تبصرے نہ کریں۔ تاہم سونیا حسین نے ماضی کے اس واقعے کا کوئی ذکر نہیں کیا جس کے بارے میں متھیرا نے اپنی انسٹااسٹوری میں بتایا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں