سندھ میں فلورملوں نے گندم کی دھلائی اور پسائی بند کردی

آج ( جمعرات ) سے آٹے کی پیداواری سرگرمیاں مکمل بند ہوجائیں گی، فلور ملز ایسوسی ایشن


Ehtisham Mufti June 24, 2021
آج ( جمعرات ) سے آٹے کی پیداواری سرگرمیاں مکمل بند ہوجائیں گی، فلور ملز ایسوسی ایشن۔ فوٹو:فائل

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح میں اضافے اور چوکر پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کے خلاف بدھ کو سندھ کی 150فلورملوں میں گندم کی دھلائی اور گرائنڈنگ بند کردی ہے۔

فلورملز ایسوسی ایشن کے ذرائع نے ''ایکسپریس '' کو بتایا کہ سندھ میں گندم کی 100کلوگرام کی یومیہ ایک لاکھ 40 ہزار بوریوں سے ایک لاکھ 18ہزار بوری آٹے کی پیداوار ہوتی ہے اور اسی گندم سے 100کلوگرام کی یومیہ 28 ہزار بوریوں سے چوکر کی پیداوار بھی کی جاتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فلور ملوں میں گندم کی دھلائی کے بارہ گھنٹے بعد آٹے کی پیداوار اور چوکر کے لیے گرائنڈ کیا جاتاہے۔ بدھ کی صبح سے گندم کی دھلائی بند ہونا جمعرات سے فلورملوں کی ہڑتال کی تیاری کی نشاندہی کررہی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے منگل کو پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر واضح کردیا تھا کہ وہ 24 اور 25جون کو 2 روزہ ٹوکن ہڑتال کریں گے، اگر اس ٹوکن ہڑتال کے باوجود ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کی فلور ملیں 30جون سے غیرمعینہ مدت کی ہڑتال پر چلی جائیں گی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں