کلید رشید اونٹاریو اسمبلی کا الیکشن جیتنے والے پاکستانی

کلید رشید نے 41 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جب کہ دیپکا دمیرل 31 فیصد سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

rizpashatoronto@gmail.com

2018 میں کینیڈا کی ریاست اونٹاریو میں ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں مِسّی ساگا ایسٹ کْکس ویل کی رائیڈنگ سے کنزروٹیو پارٹی کی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کرنے والے کلیدرشید پہلے پاکستانی کینیڈین ہیں جنھوں نے اونٹاریو کنزرویٹیو پارٹی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر شاندارکامیابی حاصل کی۔

انھوں نے لبرل پارٹی کی ایک مضبوط اور موجودہ ایم پی پی دیپکا دمیرل کو شکست دے کر یہ سیٹ حاصل کی ہے۔ کلید رشید نے 41 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جب کہ دیپکا دمیرل 31 فیصد سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

اونٹاریو آبادی کے اعتبار سے کینیڈا کی سب سے بڑی ریاست ہے جب کہ رقبے کے اعتبار سے کیوبک کے بعد دوسری سب سے بڑی ریاست ہے۔ اونٹاریو کا دارالحکومت ٹورنٹو ہے۔اس شہر میں پاکستانی خاصی تعداد میں رہتے ہیں۔ کینیڈا کا دارالحکومت اوٹاوا بھی اونٹاریو میں ہی واقع ہے۔یوں کینیڈا کی سیاست میں اونٹاریو اہم سمجھی جاتی ہے۔

کلید رشید کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس نشست کو حاصل کرنے کے لیے انتھک محنت کی اور الیکشن مہم کے دنوں میں کئی کلومیٹر پیدل چلتے ہوئے کئی سو گھروں کی ڈور ناکنگ کی، یہاں تک کہ پولنگ والے دن ووٹنگ ٹائم ختم ہونے کے چند گھنٹے قبل تک ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے نکالتے رہے۔ اْن دنوں قدرت بھی کنزرویٹو پارٹی پر مہربان تھی اور خود کچھ اْن کی محنت بھی رنگ لے آئی۔لہٰذا وہ الیکشن جیت کر لیجسلیٹیو اسمبلی کے رْکن بن گئے۔


انھوں نے اسی سال فرنٹ لائن ورکرز کی پروٹیکشن کے لیے اسمبلی میں بل 230بھی پیش کیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ورکرز کی فلاح وبہبود کو اولیت دیتے ہیں، ان کے ووٹرز کو اسی لیے ان پر اعتماد ہے جس کا اظہار انھوں نے کلید رشید کو ووٹ دے کر کیا اور انھیں لیجسلیٹیو اسمبلی تک پہنچایا ۔ کینیڈا میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے یہ بات یقیناً خوشی اور اطمینان کا باعث ہے۔

کلید رشید موجودہ ڈگ فورڈ کی حکومت میں ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ حال ہی میں انھیں پریمئر ڈگ فورڈ کی حکومت میں ایسوسی ایٹ منسٹر آف ڈیجیٹل گورنمنٹ کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔یہ بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ کلید رشید ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہیں۔

انھوں نے یونیورسٹی آف گوالف ہمبر سے بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کیا اور بعد ازاں یونیورسٹی آف بریڈ فورڈ سے ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ یہی وجہ ہے کہ اس وزارت کے لیے پریمئر ڈگ فورڈ کی نظر انتخاب کلید رشید پر آکر رْک گئی کیونکہ ڈگ فورڈ حکومت کو یقین ہے کہ کلید رشید اس وزارت کے لیے موزوں ترین ہیں۔

منسٹری آف ڈیجیٹل گورنمنٹ چند برس قبل ہی موجودہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی حکومت میں وجود میں آنے والی ایک اہم وزارت ہے جو موجودہ وقت کی ایک اہم ضرورت بھی تھی۔ یہ منسٹری جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے میں یقیناً معاون ثابت ہوگی اور گورنمنٹ آف کینیڈا، فیڈرل ڈیپارٹمنٹ ، ریونیوایجنسی ، سروس کینیڈا کے ڈیٹاجات کو ڈیجٹل ہم آہنگی کرکے مزید فعال بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

یوں کینیڈا ترقی کے سفر میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا،کینیڈا میں بسنے والے تمام پاکستانی بالخصوص صوبہ اونٹاریو میں مقیم پاکستانی کلید رشید کو اس تقرری پر مبارکباد پیش کرنا چاہتے ہیں اور انھیں مزید ترقی کی راہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔
Load Next Story