ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل

آئی سی سی ایونٹ کے میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔

میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ (فائل فوٹو)

رواں سال بھارت میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ (کرک انفو) کے مطابق یو اے ای میں شیڈول انڈین پریمئر لیگ 15 اکتوبر تک مکمل ہو جائے گی جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلے 17 اکتوبر سے شروع ہوجائیں گے۔


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے، ایونٹ میں 30 میچز کھیلے جائیں گے، 12 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جب کہ ایونٹ کا فائل 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پہلے راونڈ کے میچز یواے ای کے ساتھ عمان میں ہوں گے۔

اس حوالے سے بھارتی بورڈ نے ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے لئے باضابطہ طور پر لکھنا ہے، مجوزہ پروگرام کے مطابق سپر 12 مرحلے کے میچز 24 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔

آئی سی سی نے یکم جون کو ہونے والے اجلاس میں بھارتی بورڈ کو جون کے آخر تک میچز کے مقامات کے بارے میں تفصیلات بتانے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ ملتوی ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی یو اے ای منتقلی کا مطالبہ بھی زور پکڑنا شروع ہوگیا تھا۔میگا ایونٹ کے عرب امارات منتقلی کا باضابطہ اعلان آئی سی سی کی جانب سے چند روز میں متوقع ہے۔
Load Next Story