کراچی میں اسپتال سے نومولود کو اغوا کرنے والی حاملہ خاتون گرفتار

ملزمہ نے الزام لگایا ہے کہ نرس نے اسے 30 ہزار روپے میں بچہ فروخت کیا۔


ویب ڈیسک June 25, 2021
ملزمہ نے الزام لگایا ہے کہ نرس نے اسے 30 ہزار روپے میں بچہ فروخت کیا۔ (فائل فوٹو)

اسپتال سے نومولود بچے کو اغوا کرنے والی حاملہ خاتون کو گرفتار کر کے بچہ بازیاب کرا لیا گیا۔

ایس ایچ او نواز گوندل کے مطابق گزشتہ روز بلدیہ ٹاؤن نمبر 3 میں قائم پٹنی اسپتال سے نومولود بچے کے اغوا میں ملوث ملزمہ صبیحہ کو بلدیہ ٹاؤن نمبر 9 سے گرفتار کرکے محمد نعیم کے نومولود بچے کو بحفاطت بازیاب کرلیا گیا، ملزمہ کی گرفتاری گزشتہ شب عمل میں آئی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ صبیحہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ نرس نے بچے کو 30 ہزار روپے میں مجھے فروخت کیا تھا، پولیس نے اسپتال کی نرسوں اور لیڈی ڈاکٹرز کو رات گئے تھانے بلا کر ملزمہ سے نشاندہی کرائی تاہم کوئی بھی اس میں ملوث نہیں پائی گئی۔

ایس ایچ او کے مطابق حاملہ ملزمہ کی دو بیٹیاں ہیں لیکن ملزمہ کا کہنا تھا کہ اسے بیٹے کی خواہش تھی جس کی وجہ سے بچے کو اغوا کیا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کا شوہر اس میں ملوث نہیں پایا گیا جس کی وجہ سے اسے گرفتار نہیں کیا، ملزمہ کو اینٹی وائیلنٹ سیل کے حوالے کردیا گیا ہے جو واقعے کی مزید تفتیش کرے گی۔

مغوی بچے کے چچا عطاللہ کا کہنا ہے کہ بچے کی بازیابی ایک لیڈی ڈاکٹر اور اس کے بھائی کی مدد سے عمل میں آئی، ملزمہ بچے کو بلدیہ نمبر 9 میں قائم ایک کلینک چیک اپ کرانے گئی تو ڈاکٹر کو شک ہوگیا، بچے کو جس کپڑے سے لپیٹا گیا تھا وہ کپڑا سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز پر دکھایا گیا تھا کہ ایک خاتون بلدیہ کے اسپتال سے بچہ اغوا کرکے فرارہوگئی، اس کپڑے نے مزید شک مضبوط کیا، لیڈی ڈاکٹر کے بھائی نے ملزمہ کا پیچھا کر کے گھر دیکھ لیا اور پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد بچے کو بازیاب کرلیا گیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

امن لازم ہے

Dec 22, 2024 03:40 AM |

انقلابی تبدیلی

Dec 22, 2024 03:15 AM |