خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

کھانے میں کباب
عدنان صغیر ، فیصل آباد

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گھر سے نکلتا ہوں ، شائد میں کچھ خریدنے جا رہا ہوں ۔ راستے میں کچھ دوست مل جاتے ہیں۔ میں کافی خوش ہوتا ہون اور ہم باتیں کرتے ایک میدان میں جا نکلتے ہیں ۔ میں وہاں ایک جگہ بیٹھ جاتا ہوں۔ میرا ایک دوست وہاں کچھ اینٹیں اور پتھر اکٹھے کر کے کوئی چیز بھوننے لگ جاتا ہے۔ یہ نہیں یاد کہ وہ کیا چیز ہوتی ہے مگر اس وقت خواب میں میرا دوست مجھے کہتا ہے کہ یہ کباب تم کھا لو ۔ اب مجھے بعد میں خیال آ رہا ہے کہ وہ بنا کسی برتن کے کیسے کچھ پکا سکتا ہے مگر خواب میں یھی تھا کہ وہ کباب بنا رہا ہے ۔

تعبیر : یہ خواب ظاھر کرتا ہے کہ آپ کو اپنی کچھ نا پسندیدہ باتوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان کی وجہ سے آپ مشکلات سے دوچار رہتے ہیں ۔ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت کا مطالعہ کیا کریں اور ان کے اخلاق کو اپنانے کی کوشش کریں ۔

انواع واقسام کے کھانے
نعمان بٹ گوجرانوالہ

خواب : میں نے دیکھا کہ ایک گھر ہے بہت بڑا اور میں ادھر جاتا ہوں ۔ وہاں بہت انواع و اقسام کے کھانے ہیں ۔ میں کبھی ایک کھانے کو چکھتا ہوں اور کبھی کسی دوسری ڈش کو کھاتا ہوں ۔ ایک دوسری میز پہ کچھ غبارے پڑے ہوتے ہیں ۔ اچانک میں دیکھتا ہوں کہ میرا پیٹ بھی غبارے کی طرح پھولنا شروع ہو جاتا ہے۔ پھولتے پھولتے یہ بہت بڑا ہو جاتا ہے اور پھٹ جاتا ہے ۔

تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کو معدہ کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور سونے سے پہلے ہلکی چہل قدمی کریں ۔ ساتھ یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

قرآن کی تلاوت کرنا
سعیدہ راحت ، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ جن بچیوں کو میں قرآن پڑھاتی ہوں ۔ وہ سب میرے گھر موجود ہیں اور مختلف سورتیں قرآت کے ساتھ پڑھ کر سنا رہی ہیں ۔ اسی دوران میری ساس کی ایک رشتے دار ہمارے کمرے میں آتی ہیں اور میری طرف اشارہ کر کے کہتی ہیں کہ مجھے تم قرآن سناؤ اور کسی بچی سے قرآن لے کر مجھے کھول کر دیتی ہیں کہ میں تلاوت کروں ۔ ان کی فرما ئش پہ میں سنانا شروع کر دیتی ہوں جس پہ وہ بہت خوش ہوتی ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے ، اللہ تعالی کی رحمت اور برکت سے رزق میں اضافہ ہونے کی طرف اشارہ ہے ۔ آپ کا ذھنی رجحان اللہ تعالی کی طرف رہے گا اور قرآن کی تعلیم آپ دیتی ہیں اس کو جاری رکھئے تا کہ گھر میں خوشی و سکون حاصل ہو ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور وضو بے وضو یا حی یا قیوم پڑھا کریں ۔

گاؤن پہننا
شبنم ، لاہور


خواب : مین نے دیکھا کہ میں ایک بہت پیارا سا گاون پہنے ہوئے ہوں اور بہت زیادہ خوش ہو رہی ہوں دل میں یھی سوچ رہی ہوں کہ اپنی ساری سہیلیوں کو بھی دکھاوں گی کہ یہ کس قدر خوبصورت ہے مگر اسی وقت میری امی کمرے میں آتی ہیں اور ڈانٹ کر مجھے اس گاون کو اتارنے کا کہتی ہیں، میں امی کو بہت کہتی ہوں کہ مجھے کچھ دیر یہ پہننا ہے اور دادی کے گھر ہو کر آنا ہے مگر وہ مجھے سختی سے منع کر دیتی ہیں اور اس کو زبردستی اتروا کر ساتھ لے جاتی ہیں ۔

تعبیر : خواب سے ظاہر ہے کہ کوئی دلی مراد پوری ہو گی مگر اس کے ساتھ ساتھ کسی پریشانی کی طرف بھی دلیل کرتا ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار پڑھا کریں ۔

کالی بلی
گل امین، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور اپنے کمرے میں لیٹا ہوا ہوں ۔ ادھر ایک کالی بلی آتی ہے اور الماری میں گھسنے کی کوشش کرتی ہے۔ میں بہت ڈرتا ہوں مگر وہ اپنی آنکھوں سے مجھے سخت گھورتی ہے ، تو میں ڈر جاتا ہوں پھر ھمت کر کے جوتی دے مارتا ہوں اور پھر وہ بھاگ جاتی ہے ۔

تعبیر : خواب کسی پریشانی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اللہ نا کرے کہ کسی مشکل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ اس کا تعلق خاندان کاروبار یا تعلیمی معاملات سے بھی ہو سکتا ہے ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ کوشش کریں کہ حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کر سکیں ۔

ہجوم سے خطاب
محمد اسلم ، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں کسی کھلے میدان میں ایک بہت بڑے ہجوم سے خطاب کر رہا ہوں جیسے باقاعدہ سٹیج پہ مجھ سمیت کچھ لوگ بیٹھے ہیں اور میں کسی موضوع پر تقریر کر رہا ہوں ۔ سب لوگ میری خوب آو بھگت کر رہے ہیں اور بہت عزت و احترام سے پیش آ رہے ہیں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کی اللہ کے فضل سے مرتبہ بلند ہو گا اور عزت و توقیر ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

محفل میلاد میں شرکت
حمئرا کوثر، لاہور

خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی محفل میلاد میں ہوں اور وہاں بہت سے لوگ ہیں مگر سب کے سب میرے لئے اجنبی ہیں ۔ میں خاموشی سے اپنی ساس کے ساتھ بیٹھی نعت سن رہی ہوں اور ایک بزرگ خاتون مجھے بلا کر ایک بہت بڑا مٹھائی کا ٹوکرا دیتی ہیں ۔ میں پریشانی میں اپنی ساس کی طرف دیکھتی ہوں اور وہ مجھے لینے کا اشارہ کرتی ہیں تو میں ان سے وہ لے کر اپنے پاس رکھ لیتی ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اللہ کی طرف سے کسی مدد کی طرف اشارہ کرتا ہے ۔ یہ ترقی کاروباری بھی ہو سکتی ہے اور تعلیمی بھی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔گھر کی چھت پہ پرندوں کو دانہ ڈالا کریں ۔
Load Next Story