احسان مانی نے پی ایس ایل کو تماشائیوں کے بغیر نامکمل قرار دیدیا

کسی بھی کھیل کی حقیقی پہچان اور جان اس کے تماشائی ہی ہوتے ہیں، چیئرمین پی سی بی


Sports Reporter June 26, 2021
کسی بھی کھیل کی حقیقی پہچان اور جان اس کے تماشائی ہی ہوتے ہیں، چیئرمین پی سی بی فوٹو:فائل

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے تماشائیوں کے بغیر پی ایس ایل کو نامکمل قرار دیدیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے کامیاب انعقاد پر تمام فرنچائزز، منتظمین، کمرشل پارٹنرز خصوصاً ایچ بی ایل کو مبارکباد پیش کی ہے تاہم انہوں نے تماشائیوں کے بغیر اس ایونٹ کو نامکمل قرار دیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھیل کی حقیقی پہچان اور جان اس کے تماشائی ہی ہوتے ہیں، ان کے بغیر کوئی بھی ایونٹ مکمل نہیں ہوتا، پی سی بی، کھلاڑیوں اور تمام کمرشل پارٹنرز نے لیگ کے بقیہ 20 میچز میں تماشائیوں کی کمی کو شدت سے محسوس کیا۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کے پرجوش شائقین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ 2022 میں شیڈول ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن پاکستان میں کھیلا جائے گا اور اس ایونٹ میں تماشائیوں کواسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے انعقاد کے لیے پی سی بی اپنی منصوبہ بندی کا باقاعدہ آغاز جولائی سے کردے گا جبکہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں اسے حتمی شکل دے دی جائے گی تاکہ کرکٹ فینز کو ایونٹ کی تمام تر تفصیلات سے بروقت آگاہ کیا جاسکے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ یہ شائقین کرکٹ ہی تھے کہ جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2019 کے بقیہ 8 میچز میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرکے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سری لنکا اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کو ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ شائقین کرکٹ نے ابوظہبی مرحلے میں عدم شرکت کے باوجود ڈیجٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے لیگ، کھلاڑیوں اور ایونٹ میں اپنی پسندیدہ ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ۔

چئیرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ پی سی بی کھیل کے فروغ میں اپنے فینز اور اسپورٹرز کے تعاون اور حوصلہ افزائی کی ہمیشہ قدرکرتا ہے، وہ پرامید ہیں کہ جس طرح ہم نے بحیثیت قوم کورونا وائرس کی وباء سے چھٹکارا حاصل کیا ہے ویسے ہی اب سیزن 22-2021 میں ہماری ساری کرکٹ پاکستان میں ہی کھیلی جائے گی۔ اس دوران پاکستان کو نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ان میچز سے نہ صرف ملک میں کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ قومی نوجوانوں کی کرکٹ کے کھیل سے وابستگی کو بھی تقویت ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔