سینئر ریڈیو صداکارہ اور ٹی وی اداکارہ خورشید شاہد انتقال کرگئیں      

اداکارہ خورشید شاہد نے فنی کیریئر کا آغاز 9 سال کی عمر میں کیا، سلمان شاہد

خورشید شاہد کی عمر 95 برس تھی ور وہ کافی عرصے سے علیل تھیں ، سلمان شاہد فوٹوفائل

NEW DELHI/KARACHI:
پاکستان کی سینئر ریڈیو صداکارہ اور ٹی وی کی معروف اداکارہ خورشید شاہد انتقال کرگئیں۔

اداکارہ و صداکارہ خورشید شاہد کی موت کی تصدیق ان کے بیٹے اداکار سلمان شاہد نے کی۔ خورشید شاہد کی عمر 95 برس تھی اور وہ کافی عرصے سے علیل تھیں۔ سلمان شاہد نے بتایا کہ خورشید شاہد کی نماز جنازہ آج 4 بجے ڈیفنس فیز 2 ای بلاک مسجد میں ادا کی جائے گی اور تدفین فیز 7 قبرستان میں کی جائے گی۔

اداکارہ کے بیٹے سلمان شاہد نے بتایا کہ ان کی والدہ اداکارہ خورشید شاہد نے فنی کیریئر کا آغاز9 سال کی عمر میں کیا۔


بیگم خورشید شاہد 19 نومبر 1931ء کو پیدا ہوئیں، پاکستان کی معروف فنکارہ خورشید شاہد نے اپنی فنی زندگی کا آغاز آل انڈیا ریڈیو سے کیا تھا۔ فنی زندگی کا آغاز مغنیہ کے طور پر کیا، روشن آرا بیگم کی شاگردی اختیار کی اور موسیقی کی بڑی بڑی محفلوں میں داد و تحسین وصول کی۔

بعد ازاں ریڈیو پر صداکاری اور ٹیلی وژن پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مشہور ڈراموں میں ''فہمیدہ کی کہانی استانی راحت کی زبانی'' کا نام سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ خورشید شاہد کے مقبول ڈراموں میں'' کرن کہانی'' ، ''زیر زبر پیش''، ''انکل عرفی''، ''پرچیاں''، '' دھند'' سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔ انہوں نے چند فلموں میں بھی کام کیا جن میں ''چنگاری'' اور ''بھولا ساجن'' کے نام شامل ہیں۔

حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1995 کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔ معروف اداکار سلمان شاہد ان کے فرزند ہیں۔ خورشید شاہد خود بھی اداکارہ تھیں اور ان سے شادی کرنے کے لیے آل انڈیا ریڈیو کے ڈائریکٹر جگل کشور مہرا مسلمان ہو گئے تھے۔
Load Next Story