گھریلو ملازمین کے تحفظ میں پیش رفت

گھریلوملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سینیٹ میں ڈومیسٹک ورکرز(ایمپلائمنٹ رائٹس) بل 2013 پیش کردیا گیا ہے


January 21, 2014
گھریلوملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سینیٹ میں ڈومیسٹک ورکرز(ایمپلائمنٹ رائٹس) بل 2013 پیش کردیا گیا ہے. فوٹو:فائل

گھریلوملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سینیٹ میں ڈومیسٹک ورکرز(ایمپلائمنٹ رائٹس) بل 2013 پیش کردیا گیا ہے جسے مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی قانون وانصاف کے سپردکردیاگیا۔ اقوام متحدہ نے بھی حال ہی میں پاکستان کو بچوں کے تحفظ کی پالیسی بنانے کی سفارشات بھیجی تھیں۔بل منظوری کے بعدانٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن کے کنونشن نمبر 189کی توثیق کی راہ ہموارہوگی ۔یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ گھریلو ملازمین کو ملک بھر میں غیر انسانی سلوک اور اذیت ناک اوقات کار کا سامنا ہے اور غریب طبقات کی گھریلو ملازمائیں تو دو وقت کی روٹی کے لیے ہر قسم کے مصائب برداشت کرلیتی ہیں مگر گزشتہ چند برسوں سے کم سن بچوں اور بچیوں کو مالک یا مالکن کی طرف سے تشدد کے بعد قتل کرنے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں جن میں لاہور کی ارم رمضان اور کراچی کے 10 سالہ ہریش پر تشدد نے ہر دردمند انسان کو لرزا کر رکھ دیا ہے۔

اسی طرح تشدد سے ہلاک ہونے والی گھریلو ملازمہ فضا بتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی جسے لے کروہ آبائی شہر سمبڑیا ل روانہ ہو گئے ،والدین نے بتایا کہ ان کی بیٹی چار سال سے پروفیسر سلمان کے گھر ملازمہ تھی اسے تشدد کر کے قتل کیا گیا ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئر پرسن صباء صادق نے کہا کہ اس کیس کے ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جائے گی ۔

ارم کی موت مبینہ چوری پر ظالمانہ تشدد کا نتیجہ تھی جب کہ ہریش کو بھی چوری کے الزام میں ڈاکٹر منیل کمار نے چھٹی منزل سے نیچے پھینک دیا لیکن وہ معجزانہ طور پر بچ گیا ،اس کے سر پر چوٹ آئی ہے اور زیر علاج ہے جب کہ ڈاکٹر کو جیل بھیج دیا گیا ۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ سے اس بل کی منظوری کی صورت میں گھریلوملازمین کوملازمت کا حق ملنے کے علاوہ 14سال سے کم اور60 سال سے زیادہ عمرکے افراد پربطورگھریلو ملازم کام نہیں کرے گا۔اس بل کے تحت ملازمین کوکام کی آزادی ہوگی ۔ ضرورت اس امر کی ہے۔ گھریلو ملازمین خاص طور پر خواتین ، بچوں اور بچیوں کو تشدد اور دیگر زیادتیوں سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے اور ان سے بھی انسانوں جیسا سلوک اور طرز عمل روا رکھنے پر زور دیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں