خانیوال میں 4 سالہ معصوم بچی کا قاتل سگا چچا نکلا

ملزم نے گھریلو جھگڑوں پر بچی کو قتل کرکے لاش کھیت میں پھینک دی، ایک فیکٹری پر لگے کیمرے کی مدد سے گرفتار ہوا


/staff Reporter June 27, 2021
ملزم نے گھریلو جھگڑوں پر بچی کو قتل کرکے لاش کھیت میں پھینک دی، ایک فیکٹری پر لگے کیمرے کی مدد سے گرفتار ہوا (فائل : فوٹو)

خانیوال میں پولیس نے 4 سالہ معصوم بچی زیبا ندیم کے قتل کا معمہ حل کرلیا، قاتل بچی کا چاچا نکلا جس نے اعتراف جرم کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دو روز قبل چار سالہ بچی زیبا ندیم کی لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی تھی جسے کے بعد اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے خانیوال بہاولپور روڈ اور خانیوال روہڑی ریلوے ٹریک بند کرکے احتجاج کیا تھا۔

احتجاج کے بعد آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر ملک اعجاز کو معطل کردیا تھا جبکہ آرپی او ملتان نے مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کرائی تھی۔

یہ پڑھیں : خانیوال میں چار سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

پولیس نے واقعے کی تفتیش کا دائرہ کار وسیع کیا اور ارد گرد سے شواہد اور فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کیں۔ ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ عمران شاہ نے مقامی پولیس کو ایک فیکٹری کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کرنے کی ہدایت کی تھی اور اسی فوٹیج کی مدد سے پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

فوٹیج کی مدد سے معلوم ہوا کہ بچی کا قاتل اس کا چاچا ہے، اسے گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کرلیا۔ پولیس کے مطابق سفاک قاتل ورثا کے ساتھ مل کر بچی کی تلاش بھی کرتا رہا، ملزم نے بچی کے ساتھ زیادتی نہیں کی بلکہ اسے گھریلو جھگڑوں کے سبب قتل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں